ملکی تاریخ میں پہلی بار نجی شعبے کی فریٹ ٹرین چلانے کا اعلان
-
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نجی شعبے کی فریٹ ٹرین 25 دسمبر کو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویز فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی اور میرین گروپ کے درمیان 5 سالہ معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد اب ملک کی تاریخ میں پہلی بار نجی شعبے کی شیڈولڈ فریٹ ٹرین 25 دسمبر کو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جس کا افتتاح وزیر ریلوے شیخ رشید کریں گے۔چیف ایگزیکٹو میرین گروپ عاصم صدیقی کے مطابق ٹرین کے لیے 1100 ٹن کارگو کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے، پہلی فریٹ ٹرین کا پہلا اسٹیشن کراچی بندرگاہ ہوگا، ٹرین پورٹ قاسم سے ہوتی ہوئی 48 گھنٹے میں لاہور کے پریم نگر ڈرائی پورٹ پہنچے گی، ٹرین کا انجن اور دیگر انفرا اسٹرکچر ریلویز کا ہوگا جب کہ کارگو کی تمام ترذمے داری میرین گروپ کی ہوگی۔عاصم صدیقی نے بتایا کہ پہلی فریٹ ٹرین کے بعد دوسری فریٹ ٹرین 25 جنوری سے فیصل آباد، تیسری ٹرین سیالکوٹ اور چوتھی ٹرین ملتان سے چلائی جائے گی، ٹرین کے چلنے سے کارگو کم وقت، کم کرائے اور محفوظ طریقے سے پہنچ سکے گا۔چیف ایگزیکٹو میرین گروپ نے بتایا کہ پاکستان ریلویز کو فی ٹرین 24 لاکھ روپے معاوضہ حاصل ہوگا جب کہ چاروں فریٹ ٹرینوں کے ذریعے پاکستان ریلوے کو سالانہ 10 سے 20 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا، جس سے ادارے کے خسارے میں نمایاں کمی ہوگی اور ٹرین سے تجارتی شعبے کی ٹرانسپورٹیشن لاگت میں 15 سے 20 فیصد کا فائدہ ہوگا