جعلی دستاویزات کے ذریعے کنسائمنٹ کی کلیئرنس ،لاکھوں روپے کی ڈیوٹی وٹیکسزچوری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے جعلی دستاویزات کی مددسے کنسائمنٹ کی کلیئرنس کی نشاندہی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے ملزمان کوگرفتارکرلیاہے۔ذرائع کے مطابق میسرزایم آئی ٹریڈرزکی جانب سے پولینڈسے نیوٹیلااورکرپس کوکونٹ کاکنسائمنٹ درآمدکیاگیاجو کلیئرنگ ایجنٹ میسرزندیم اینڈکمپنی کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات (جعلی انوائس اورپیکنگ لسٹ )کے ذریعے انڈرانوائسنگ کے تحت کلیئرکروائے گئے۔ذرائع نے بتایاکہ ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ کے شعبہ آراینڈڈی کو خفیہ اطلاع ملی کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے نیوٹیلا اورکرپس کوکونٹ کاکنسائمنٹ جولائی 2018میں کلیئرکرواکرقومی خزانے کو لاکھوںروپے کا نقصان پہنچایاگیاہے تاہم اپریزمنٹ ایسٹ کے شعبہ آراینڈڈی کی ٹیم نے میسرزایم آئی ٹریڈڑزکی جانب سے درآمدکئے جانے والے درآمدی کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کی تواس امرکی تصدیق ہوئی کہ مزکورہ درآمدکنندہ نے کلیئرنگ ایجنٹ کے ساتھ مل کر جعلی انوائس اورپیکنگ لسٹ محکمہ کسٹمزمیں جمع کرواکرکنسائمنٹ کلیئرکیا۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ دستاویزات سے مزیدانکشاف ہواکہ درآمدکنندہ میسرزایم آئی ٹریڈرزنے جولائی 2018میں پولینڈسے نیوٹیلااورکرپس کوکونٹ کا کنسائمنٹ درآمدکیاتاہم درآمدکنندہ نے کلیئرنگ ایجنٹ کے ساتھ مل کر فائل کی جانے والی گڈزڈیکلریشن میں کنسائمنٹ کی مجموعی ویلیو23074ڈالر ظاہرکی 23لاکھ 58ہزار951روپے کے ڈیوٹی وٹیکسزکی ادائیگی کی جبکہ جانچ پڑتال کے بعد اس امرکی تصدیق ہوئی کہ کنسائمنٹ کی مجموعی ویلیو103328ڈالر تھی جس پر 82لاکھ4ہزار317روپے کے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کی گئی۔