جعلی دستاویزات پر اسٹیل کے کنسائمنٹس کلیئرکرنے کی کوشش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پورٹ قاسم نے جعلی دستاویزات پر اسٹیل کے کنسائمنٹس کلیئرکرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمان میں شامل میسرزایم ایم اسٹیل ایس آئی ای ڈسکاکے مالکان محمدافضل ،راشدمحموداورگلزارکے خلا ف مقدمہ درج کرکے قومی خزانے کو2کروڑ21لاکھ30ہزارمالیت کے نقصان سے بچالیا۔ ذرائع کے مطابق کلکٹرپورٹ قاسم ممتازعلی کھوسوکی جانب سے درآمدی کنسائمنٹس کی سخت نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی جس پر پورٹ قاسم کلکٹریٹ میں تعینات تمام افسران کلکٹرممتازعلی کھوسوکی ہدایات پر سختی سے عملدرآمدکررہے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ دنوں میسرزایم ایم اسٹیل کی جانب سے ٹن مل بلیک پلیٹ کوائل سکینڈری کوالٹی اورگلووینائزڈاسٹیل شیٹس کوائل سکینڈری کوالٹی کے پانچ کنسائمنٹس درآمدکئے گئے جس کے کلیئرنس کے لئے مذکورہ کمپنی کی جانب سے جعلی دستاویزات کا استعمال کیاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ میسرزایم ایم اسٹیل ایس آئی ای ڈسکاکی جانب سے درآمدکئے جانےو الے اسٹیل کے کنسائمنٹس کو میسرزشیراسٹیل فرنس اینڈریرولنگ ملزکے نام پر کلیئرکرواکر ڈیوٹی وٹیکسزکی چھوٹ کی سہولت کافائدہ اٹھاناچاہتی تھی لیکن محکمہ کسٹمزنے میسرزایم ایم اسٹیل کی جانب سے نام تبدیلی کو درخواست کومستردکردیاتاکہ ڈیوٹی وٹیکسزکی سہولت ناجائز طورپر نہ لی جاسکے۔ ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ کمپنی کی جانب سے ایک بارپھردرآمدکنندہ کانام تبدل کرنے کی درخواست کی گئی لیکن محکمہ کسٹمزکی جانب سے میسرزشیراسٹیل فرنس اینڈریرولنگ ملزسے رابطہ کیاگیاتوکمپنی نے میسرزایم ایم اسٹیل ایس آئی ای ڈسکا سے لاتعلقی کا اظہارکیاجس پر محکمہ کسٹمزنے جعلی دستاویزات کااستعمال کرنے اورقومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔