پورٹ قاسم پر کنسائمنٹس سے سامان چوری کا انکشاف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پورٹ قاسم پر آنے والے کنسائمنمٹس سے سامان چوری کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم پر کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے دوران کاسمیٹکس جیولری، لیڈیز انڈر گارمنٹس، سافٹ ڈرنکس، کمبل سمیت مختلف اشیاءچوری کئے جانے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کلکٹریٹ پر تعینات ایگزامن آفیسر نے کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے لئے پرائیویٹ ملازمین (لپو) رکھے ہوئے ہیں جو جانچ پڑتال کے بہانے سامان چوری کرکے گاڑیوں کی ڈگیوں میں بھر کر لے جاتے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا سامان کی اس چوری میں کسٹمز افسران کے ساتھ ساتھ QICT کا عملہ بھی شامل ہے۔ QICT کی انتظامیہ ان کی گاڑیوں کو چیک کرے تو اس میں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پورٹ قاسم پر تعینات افسران سے اس بارے میں شکایت بھی کی جاچکی ہے لیکن ایگزامن افسران اور لپوﺅں کے خلاف کوئی کارروائی تاحال عمل میں نہیں لائی جاسکی۔