پورٹ قاسم کی کارروائی، انڈین کنسائمنٹ کی اسمگلنگ ناکام،ملزمان کے خلا ف مقدمہ درج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کسٹمز بھارتی مصنوعات کی درآمدات پرعائد پابندی کے باوجودمختلف مصنوعات کی مس ڈیکلریشن اور اسمگلنگ کےخلاف جاری مہم کے تحت پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے ایک کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بھارت میں خدمات انجام دینے والی ڈوف باڈی کریم کے کنسائمنٹ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمان میں شامل درآمدکنندہ میسرزکے ڈی انٹرپرائززاورکلیئرنگ ایجنٹ میسرزفائن سروسزکے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق کلکٹرپورٹ قاسم ممتازعلی کھوسوکو خفیہ اطلاع ملی کہ انڈین اشیاءکنسائمنٹ کی کلیئرنس کی کوشش کی جارہی ہے جس پر کلکٹرممتازعلی کھوسونے ایڈیشنل کلکٹرمشتاق علی شہانی کو کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی ہدایات جاری کی جس پر ایڈیشنل کلکٹرمشتاق علی شہانی نے دیگرافسران پرمشتمل ٹیم کے ساتھ کنسائمنٹس کی نگرانی شروع کی جس میسرزکے ڈی انٹرپرائززکی جانب سے درآمدکئے جانے والے کنسائمنٹ کی جانچ پڑتال کی گئی توانکشاف ہواکہ درآمدکنندہ نے کلیئرنگ ایجنٹ کے ساتھ مل کرکنسائمنٹ کی گڈزڈیکلریشن میں کنسائمنٹ کی درآمدیورپی ملک سے ظاہرکی تھی جبکہ ڈوف نامی باڈی کریم انڈیاسے درآمدکی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ بھارتی کثیرالقومی کمپنی کی برانڈڈباڈی کریم کے کنسائمنٹس کی مالیت 15 لاکھ روپے بنتی ہے جبکہ اس بھارتی کنسائمنٹ کا وزن 4752 کلوگرام ہے،ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کریم کے مزکورہ کنسائمنٹ کو کسٹم ڈیوٹی ودیگرٹیکسوں کی ادائیگی کے بغیر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی،حکام نے بتایا کہ معروف کثیرالقومی کمپنی کی برانڈڈکریم کے اس کنسائمنٹ کو لاہور کی ایک کمپنی میسرزکے ڈی انٹرپرائزکے نام پردرآمدکیاگیاتھاجبکہ میسرزفائن سروسز نامی کلیئرنگ ایجنٹ کے ذریعے مزکورہ کنسائمنٹ کی کلیئرنس کرائی جارہی تھی۔ ذرائع نے بتایاکہ کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے کسٹم ایکٹ کے تحت کنسائمنٹ ضبط کرکے قانونی کاروائی کا آغازکردیاہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کسٹمز نے ان درآمدکنندگان کی تفصیلات پہلے ہی حاصل کرلی ہیں جو ملک میں پابندی کے باوجود تیسرے ملک یا مس ڈیکلریشن کے ذریعے بھارتی مصنوعات کی کسٹم کلیئر نس حاصل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ کسٹم حکام کواپنے خفیہ نیٹ ورک کی اطلاعات پر کنٹینروں کی ٹریکنگ، بحری جہازوں کی آمدورفت کی تصدیق کے ذریعے بھارتی مصنوعات کی نشاندہی ہورہی ہے۔درآمدی پالیسی آرڈرمجریہ 2016کے تحت بھارتی مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائدہے اور وفاقی حکومت نے مزکورہ پالیسی میں 19اگست 2019 کوترمیم کرکے مزیدسختیاں عائد کردی تھیں۔چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کی جانب سے بھارتی مصنوعات کی ملک میں روکنے کی سخت ہدایات پرممبرکسٹم آپریشن ایف بی آر جواداویس آغانے گزشتہ ہفتے کے اختتام پرکراچی کسٹمز اپریزمنٹ کلکٹریٹس کاتفصیلی دورہ کرتے ہوئے حکام کو بھارتی مصنوعات کی کلیئر نس کی کوششوں کوناکام بنانےاورفیلڈ فارمیشن پرمزید کام کرنےکی سخت احکامات جاری کیے۔
MCC Port Qasim Seize Indian Origin Dove Body Cream