اپریزمنٹ ویسٹ ،ریفریجریٹرپارٹس اورگاڑمنٹس کی آڑمیں 44کروڑکے موبائل فونزکی اسمگلنگ ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ نے ریفریجریٹر پارٹس،ڈائیز اور گارمنٹس کی آڑ میں الحمد انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سے موبائل فونز ٹیبلٹس اور بیٹریاں کلیئر کرانے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ڈپٹی کلکٹرکسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ عمران رسول نے بتایاکہ کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ نے میسرز رانا انٹرپرائزز، الحمد اینڈ کمپنی اور زیونٹیکان امپیکس کی جانب سے مس ڈیکلریشن کے ذریعے بندرگاہ سے موبائل فونز کی کلیئرنس حاصل کرنے کی کوشش پر تحقیقات کی ہدایت کی جس پر کسٹمز حکام نے مطلوبہ کاروائی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ 3 بل آف لیڈنگز میں ریفریجریٹر پارٹس سائیز اور گارمنٹس کی ڈیکلریشن کے بجائے درآمدی کنسائمنٹ میں مختلف معروف غیرملکی کمپنیوں کے 28 ہزار موبائل فونز، 2700 ٹیبلٹس اور16500 موبائل بیٹریاں شامل ہیں جسکی مالیت کا اندازہ 44 کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور مذکورہ کوشش کے ذریعے 10 کروڑ40 لاکھ روپے کی ڈیوٹی وٹیکسزختم بچائے جارہے تھے۔ حکومتی ٹیکسز بچانے کی کوشش کی وجہ سے کسٹمز ایکٹ مجریہ 1960 کی شق168 کے تحت مذکورہ درآمدی کنسائمنٹ کو ضبط کرلیا گیا ہے۔امکان ہے کہ مذکورہ کیس اس بڑے جعلساز گروہ سے تعلق رکھتا ہو جس نے دیگر اشیاءکی آڑ میں موبائل فونز کی کلئیرنس کے ذریعے قومی خزانے کو ریونیو کی مد میں بھاری نقصان پہنچایا۔حالیہ چند ماہ کے دوران کراچی لاہور اور ملتان میں کسٹمز متعدد ایسے کنسائمنٹس پکڑے ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں تحقیقات جاری ہیں اور کسٹمزاپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ اس جرم میں ملوث عناصر وسہولت کاروں کو پکڑے کے لیے پرعزم ہے۔