پلاسٹک دانہ کی درآمدپرٹیکس مراعات کا ناجائزاستعمال، اربوں روپے کی ٹیکس چوری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے پلاسٹک دانہ کی درآمدپرکی جانے والی اربوں روپے کی ٹیکس چوری کوبے نقاب کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغازکردیاہے۔تفصیلا ت مطابق پلاسٹک دانہ کے کچھ صنعتی درآمدکنندگان ٹیکس مراعات کا ناجائز فائدہ اٹھاکرتجارتی بنیادوں پردرآمدی پلاسٹک دانہ کی فروخت کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پلاسٹک دانہ کے صنعتی درآمد کنندگان کو تجارتی درآمدکنندگان کے مقابلے میں4.5 فیصد ٹیکس کی مجموعی مراعات دی گئی ہے،صنعتی درآمدکنندگان کوسیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے 12ویں شیڈول کے تحت 3% اضافی سیلز ٹیکس کی ادائیگی سے استثنیٰ حاصل ہے، اور وہ تجارتی درآمد کنندگان کی طرف سے ادا کردہ 3.5% کے بجائے صرف 2% انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں۔تاہم ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس کراچی کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پلاسٹک دانہ کی کمرشل فروخت میں کچھ بے ایمان صنعتی درآمد کنندگان ملوث ہیں، جو کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔جس پر ڈائریکٹر انجینئر حبیب احمد کی سربراہی میںکسٹمزانٹیلی جنس کراچی اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صنعتی درآمد کنندگان کی طرف سے پلاسٹک دانہ کی درآمد ان کی پیداواری صلاحیت کے مطابق ہو۔ذرائع کے مطابق ملک میں درآمدی پلاسٹک دانہ کی سالانہ طلب 1.2 ملین ٹن سے زیادہ ہے جس کی مالیت 350 ارب روپے ہے۔ اس لیے صنعتی درآمد کنندگان کی جانب سے اس کی تجارتی فروخت کا ایک چھوٹا سا حصہ بھی حکومت کے لیے بھاری محصولات کے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔دستاویزات کے مطابق صنعتی درآمدکنندگان نے مالی سال 2021-22میں274ارب روپے کا دس لاکھ میٹرک ٹن پلاسٹک دانہ درآمدکیا،جبکہ 2022-23میں 285ارب روپے مالیت کا9لاکھ44ہزارمیٹرک ٹن پلاسٹک دانہ درآمدکیااور مالی سال 2023-24کے دوران 172ارب روپے مالیت کاپانچ لاکھ63ہزارمیٹرک ٹن پلاسٹک دانہ درآمدکیاگیا جبکہ تجارتی درآمدکنندگان کی جانب سے مالیت سال 2021-22کے دوران 72ارب روپے مالیت کا تین لاکھ میٹرک ٹن پلاسٹک دانے کی درآمدکی گئی،مالی سال2022-23میں تجارتی درآمدکنندگان نے 62ارب روپے مالیت کا دولاکھ میٹرک ٹن پلاسٹک دانہ درآمدہواجبکہ مالی سال2023-24میں 47ارب روپے مالیت کا ڈیڑھ لاکھ ٹن سے زائد پلاسٹک دانہ درآمدکیاگیاہے۔