پاکستان نے 84 ارب روپے کے موبائل فون درآمدکئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانیوں نے بیرون ملک سے موجودہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 84 ارب روپے سے زائد کے موبائل فون منگوا لئے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں درآمدات اس لئے بھی قابل ذکر ہیں کہ ملک اس وقت شدید مالی مسائل سے گزر رہا ہے۔ موبائل کی درآمدات جولائی 2018 تا اپریل 2019 میں 14.4 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں 73.77 ارب روپے کے موبائل فونز درآمد کئے گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے امپورٹ کی پے منٹ میں اضافہ نظر آرہا ہے۔ جبکہ ڈالر ٹرم میں اس کی ویلیو کم ہوئی ہے۔ موبائل فونز کی درآمد ڈالر ٹرم میں 7 فیصد کم ہوکر 632 ملین ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 678.57 ملین ڈالرز کے موبائل فونز منگوائے گئے۔ موبائل فونز کی مانگ میں اضافہ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت نے گزشتہ بجٹ اور منی بجٹوں میں اس پر اضافی سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس، کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی ہے۔ جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے بھی پابندی ہے کہ صرف رجسٹرڈ موبائل ہی ملک میں کام کرسکیں گے۔
Mobile Phones Import