پاک قازقستان فضائی رابطے فوری بحال کئے جائیں، شبیر حسن منشا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف پی سی سی آئی نے سول ایوی ایشن سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین براہ راست فضائی رابطے کے حوالے سے معاہدہ ہوچکا ہے، جن پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے تاکہ آنے والے دنوں میں پاکستان سے ایکسپورٹ ہونے والے میعادی اشیاءکو وقت پر شپمنٹ کیا جاسکے۔ چیئرمین بزنس کونسل برائے ایف پی سی سی آئی پاکستان قازقستان محمود الحسن اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور قازقستان کی اسکاٹ ایئرلائنز کے مابین معاہدہ ہوا تھا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے کو شروع کیا جاسکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تمام معاملات طے پاگئے ہیں البتہ کچھ مسائل اب بھی حل ہونا باقی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جلد خراب ہونے والی اشیاءجن میں سی فوڈ، سبزیاں، کھٹے میٹھے پھل اور آنے والے موسم کے آم کی شپمنٹ ہونی ہے۔ ان فضائی رابطوں کو فوری شروع کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے۔ اس سلسلے میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی شبیر حسن منشاءنے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرے کہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ حتمی این او سی اور شپمنٹ شروع ہوسکے۔