سندھ ہائی کورٹ کی متنازعہ کنسائمنٹ ریلیز کرنے کی اجازت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے میسرز ینگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی درخواست پر کنسائمنٹ کلیئرنس پر متنازعہ ڈیوٹی اور ٹیکسز کورٹ کے ناظر کے پاس جمع کروانے کے احکامات دیتے ہوئے کنسائمنٹ کو کلیئر کرانے کی اجازت دے دی ہے۔ میسرز ینگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے کورٹ میں پٹیشن فائل کی تھی کہ کلاسیفکیشن کی وجہ سے اس کو کنسائمنٹ رکا ہوا ہے۔ جبکہ یہ کیس ایڈجیوڈکشن کے پاس ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہونے پر ڈیمرج چارج لگ سکتے ہیں جبکہ درخواست دہندہ نے عدالت میں متنازعہ رقم جمع کرانے کی پیشکش بھی کی۔ عدالت نے درخواست دہندہ کی اپیل پر کنسائمنٹ پر اصل رقم متعلقہ کلکٹریٹ میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے یہ بھی حکم دیا کہ متنازعہ رقم عدالت کے ناظر کے پاس جمع کروائی جائے۔ عدالت نے یہ رقم پے آرڈر کی صورت میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ مزید یہ کہ کورٹ ناظر پے آرڈر موصول ہونے پر ایک رسید بھی جاری کرے گا۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق ناظر یہ رقم حکومت کے منافع بخش اسکیم میں انویسٹ کرسکتا ہے۔ متنازعہ رقم کی ناظر کے پاس موصول ہونے پر کلکٹریٹ کنسائمنٹ کو ریلیز کرے۔