ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ہونے والی 20کروڑسے زائد کی ٹیکس چوری کی نشاندہی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزایکسپورٹ کلکٹریٹ پورٹ قاسم نے ایکسپورٹ پروسسنگ زون میں قائم فیکٹری میسرزیونین انٹرپرائززکی20کروڑسے زائد کی ٹیکس چوری بے نقاب کرتے ہوئے کپڑے کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان میں شامل میسرزیونین انٹرپرائززکے مالک اخترجمیل رحمانی کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغازکردیاہے۔ذرائع کے مطابق کلکٹرپورٹ قاسم سید فوادعلی شاہ کو اطلاع ملی میسرزیونین انٹرپرائزز کی جانب سے درآمدی کپڑے کی اسمگلنگ کی گئی ہے جس پر کلکٹرفوادعلی شاہ کی جانب سے ایڈیشنل کلکٹرمعین افضل کی سربراہی میں ڈپٹی کلکٹرامجدامان لغاری اوردیگرافسران پر مشتمل ایک آڈٹ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مذکورہ کمپنی کا معائنہ کیاتوانکشاف ہواکہ میسرزیونین انٹرپرائززکی فیکٹری میں سامان کی تیاری کا کام متعددماہ سے بندہے اورکمپنی کی جانب سے بھاری مقدارمیں خام مال کی درآمدکی جاتی ہے لیکن فیکٹری میں کپڑوں کی تیاری کے لئے لگائی گئی مشینوں کی تعدادانتہائی کم ہے جس سے اس امرکی تصدیق ہوتی ہے کہ مذکورہ کمپنی کافی عرصہ سے خام مال کی بھاری مقدارکی درآمدکرکے مقامی مارکیٹ میں ڈیوٹی وٹیکسزکی ادائیگی کے بغیرفروخت کی جاری تھی۔ذرائع نے بتایاکہ میسرزیونین انٹرپرائززنے 36کروڑ21لاکھ91ہزارمالیت کادرآمدی خام مال مقامی مارکیٹ میںفروخت کرکے 20کروڑ86لاکھ60ہزارمالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کی ۔واضح رہے کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں انویسٹروں اورکلیئرنگ ایجنٹس کی جانب سے اسٹیل ،لنڈااوردیگرمصنوعات کے کنسائمنٹس پر ٹیکسز چوری کی کوششیں کے واقعات رونماہوتے رہے ہیں لیکن محکمہ کسٹمزنے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹیکسز کی چوری کو بے نقاب کیا۔