ایس آراو کی سہولت کا ناجائز استعمال ، درآمدی کنسائمنٹس پر18 کروڑسے زائدکی چوری ،ملزم گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سروس نے سال2013-14 کے دوران رعایتی ایس آراو اورزیروریٹڈسہولت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پلاسٹک مولڈنگ کی درآمد میں18 کروڑ40 لاکھ روپے کی ٹیکس چوری میں مطلوب ملزم سید تنویراحمد ولد سید محمد اقبال کو گرفتار کرلیا جومیسرز ونسم پیکیجز کا مالک، شراکت دار ہے، ملزم کونادرا کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، مزکورہ فرم کے خلاف 22 دسمبر2014 کو ٹیکس چوری کا کیس درج کیا گیا تھا لیکن ملزم نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن داخل کرکے خود کو گرفتاری سے بچالیا تھا، ملزم نے درج ایف آئی آر کوختم کرانے کی کوشش کی مگر ڈائریکٹوریٹ کی مسلسل کوششوں کے باعث ملزم اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہوسکا اور ہائی کورٹ نے3 اپریل 2017 کو پیٹیشن خارج کردی اور پیٹشنر کو قانون کے مطابق متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی اور تفتیشی افسر کو بھی متعلقہ عدالت میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی تاہم کیس کی کاروائی چلنے تک پٹیشنر کو ہراساں کرنے سے روک دیا گیا تھا، ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق متعلقہ تفتیشی افسر نے عبوری چالان اور رپورٹ ٹرائل کورٹ میں4 مئی2017 کو جمع کرائی جہاں کسٹمز اینڈ ٹیکسیشن کراچی کے جج نے ملزم کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے، اس سلسلے میں ملزم کی گرفتاری کے لیے دیے گئے پتے پر کئی چھاپے مارے گئے لیکن وہ نامعلوم مقام پر منتقل ہوگیا تھااسکے بعد نادار سے ملزم کے اہل خانہ کے حوالے سے معلومات لی گئیں جسکے نتیجے میں ملزم کے بیٹے کے بینک ریکارڈ سے اسکا نیا پتہ معلوم ہوا اوراسکے نتیجے میں ملزم سیدتنویر کی گرفتاری عمل میں آئی، ملزم کو گرفتار کرکے کسٹم وٹیکسیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزم سے تحقیقاتے کے لیے7 روزہ ریمانڈ حاصل کیا گیا۔