درآمدات و برآمدات کی کلیئرنس کیلئے قوانین جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان سنگل ونڈو سسٹم سے امپورٹ اور ایکسپورٹ کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لئے قوانین جاری کردیئے ہیں۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں ایس آر او 2296(I)2022 جاری کردیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئے قوانین ان تمام افراد پر عائد ہوں گے جوکہ ایف بی آر یا سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، یا پھر سرکاری ادارے، ڈپلومیٹک مشن، غیر ملکی افراد ہوں۔ ایف بی آر کے مطابق پی ایس ڈبلیو سسٹم کو استعمال کرنے کے لئے یا پھر بزنس مین کو ان قوانین کا پابند ہونا لازمی ہے۔ قوانین ان افراد پر عائد ہوں گے جوکہ کراس بارڈر ٹریڈ یعنی امپورٹ اور ایکسپورٹ یا ٹرانزٹ ٹریڈ کرنا چاہتے ہیں تو ان کے لئے لازم ہوگا کہ وہ آن لائن سسٹم کے تحت اپنی شناخت کی تصدیق لازمی کروائیں۔ جو بھی فرد یا کمپنی اس سسٹم کے تحت شناخت کی تصدیق کروائیں، پی ایس ڈبلیو ایکٹ کے سیکشن 6 کے مطابق ہوگی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کے لئے پی ایس ڈبلیو سسٹم ای میل کے ذریعے بھیجا جائے گا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کے لئے پی ایس ڈبلیو سسٹم میں ایک الیکٹرانک کنو یور کسٹمر سسٹم بنایا جائے گا جوکہ ایف بی آر، ایس ای سی پی، موبائل کمپنیوں، نادرا، بینکوں کے ساتھ منسلک ہوگا۔ جبکہ درخواست گزار پابند ہوگا کہ وہ ایف بی آر، ایس ای چی پی، موبائل کمپنیوں، نادرا اور بینکوں میں اپنی معلومات وقتاً فوقتا اپ ڈیٹ کریں۔ نئے قوانین کے مطابق جاری کردہ یوزر آئی ڈی کی میعاد دو سال ہوگی۔ البتہ یہ خوکار نظام کے تحت دو سال بعد رینیو ہوجائے گا جس کے لئے درخواست گزار کو باقاعدہ درخواست پہلے سے دینی ہوگی جس کے ساتھ مطلوبہ فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پی ایس ڈبلیو سسٹم کے ذریعے سامان کی کلیئرنس صرف انہی افراد کو دی جائے گی جن کو یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ جاری کئے گئے ہوں گے۔