آئی آر انٹیلی جنس نے سیلز ٹیکس فراڈ کے ماسٹر مائنڈ کو ملک سے باہر جانے کی کوشش کو ناکام بنادیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ان لینڈ ریونیو انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، کراچی نے سیلز ٹیکس کے غلط اور فلائنگ انوائسز کے فراڈ میں ملوث ماسٹر مائنڈ کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکد یا۔ ڈائریکٹریٹ ان لینڈ ریونیو انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، کراچی کو اطلاع ملی تھی کہ ٹیکس فراڈ میں ملوث ماسٹر مائنڈ ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر ڈائریکٹریٹ نے کسٹمز اور ٹیکسیشن کورٹ کراچی میں ایک درخواست داخل کی جس میں استدعا کی گئی کہ ملزم کے پاسپورٹ کو ضبط کیا جائے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملزم پہلے ہی سندھ ہائی کورٹ سے قبل از گرفتاری کی ضمانت لے چکا ہے۔ لیکن ملزم نے تحقیقات میں ٹیکس حکام کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ ڈائریکٹریٹ کی درخواست پر عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ وہ اس پر رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے نوٹس بھی جاری کیا کہ جس میں ملزم کو حکم دیا گیا کہ وہ تحقیقات میں تعاون کرے۔ جبکہ عدالت نے ملزم کے ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ سیلز ٹیکس کے غلط اور فلائنگ انوائسز کے میگا اسکیم میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا معاملہ ہے۔ عدالت کے حکم کے بعد ٹیکس حکام اس کیس میں مزید پیش رفت کی امید کررہے ہیں۔