Exclusive Reports

ساﺅتھ ایشیاءٹرمینل پر دوبحری جہازٹکرانے سے متعددکنٹینرزسمندرمیں گرگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی بندرگاہ پر واقع ساﺅتھ ایشیاءپاکستان ٹرمینل پر پیر کی دوپہر لنگر انداز ہونے کے لیے پہنچنے والا مال بردار بحری جہاز ٹرمینل پر پہلے سے کھڑے جہاز سے ٹکراگیا۔ دونوں جہازوں پر ہزاروں کی تعداد میں کنٹینرز لدے ہوئے تھے تاہم حادثہ کے نتیجے میں20سے زائد کنٹینرز سمندر میں گرگئے اور ملبہ دور دور تک پھیل گیا بروقت اقدامات کے ذریعے جہاز کو ٹرمینل پر لگی ٹرین اور برتھ سے ٹکرانے سے بچالیا گیا۔ نجی ٹرمینل انتظامیہ نے متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ مل کر واقع کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ شپنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثہ کے نتائج خطرناک بھی ہوسکتے تھے اس لیے وجوہات کا سراغ لگاکر کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن ضروری ہے۔ ٹرمینل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقع پیر کی دوپہر کو پیش آیاواقع میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نقصانات کا جائزہ لینے اور وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ٹرمینل انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ درآمد اور برآمد کنندگان کو مکمل معاونت فراہم کی جائیگی اور اس حوالے سے درآمد و برآمد کنندگان کے ساتھ رابطہ کرکے ان کے کلیمز جمع کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ حادثہ کے نتیجے میں جہاز سے گرنے والے کنٹینرز پانی میں دور دور تک پھیل گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹرمینل پر جہازوں کی آمدورفت ممکن نہیں ہے سمندر برد ہونے والے کنٹینرز کو نکالنے کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع نہ کیا گیا تو ٹرمینل پر آئندہ کئی روز تک جہازوں کی آمدورفت معطل رہے گی۔ نجی ٹرمینل انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بروقت اقدامات کی وجہ سے جہاز کو ٹرمینل پر نصب کرینز سے ٹکرانے سے بچالیا گیا اسی طرح زیادہ رفتار اور طاقت استعمال کیے جانے کی صورت میں جہاز کا برتھ کو توڑ تے ہوئے گودی پر چڑھ جانے کا بھی خدشہ تھا۔ ادھر کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقع کے اسباب جاننے کے لیے ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے غفلت ثابت ہونے کی صورت میں ملکی و بین الاقوامی قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹکرانے والے بحری جہاز لائیبریا میں رجسٹرڈ ہیں ٹرمینل پر پہلے سے Toltonنامی کنٹینر شپ لنگر انداز تھا جو Happage Loyedنامی شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے ٹکرانے والے بحری جہاز کا نام Hamburg Bayبتایا جاتا ہے جو LNLشپنگ لائن کی ملکیت بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ میں جہازوں پر موجود غیرملکی عملہ بھی محفوظ رہاجبکہ ٹرمینل پر موجود عملے کے افراد میں سے بھی کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button