سعودی ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول میجر جنرل محمد بن سعید القرنی کی کسٹمز انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرزمیں ڈی جی فیض احمدسے ملاقات
اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل نارکوٹکس کنٹرول کے وفد نے کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ سعودی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس کنٹرول سعودی عرب میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے کی اور وفد نے فیض احمد چدھڑ ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن سے باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام پر دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ نیز مسافروں کی قبل از وقت معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔دونوں اطراف سے شریک ارکان نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے دونوں ممالک کے درمیان موثر اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مزید براں دونوں ممالک کے درمیان کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہوا۔اس موقع پرڈائریکٹرجنرل فیض احمد چدھڑ نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کو روکنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے وفد کو بتایا کہ منشیات کے اسمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاو¿ن جاری ہے۔ اس حوالے سے سعودی وفد نے حال ہی میں کوئٹہ میں کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے منشیات کے خلاف کریک ڈاو¿ن پر ڈائریکٹر جنرل فیض احمد چدھڑ کی تعریف کی۔اس موقع پر سعودی وفد نے پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس کی منشیات کے خلاف جاری کاروائیوں کو سراہا۔