اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے مزید 3 کنٹینرز روک لیے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کسٹمز نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے 60 کروڑ روپے مالیت کے قیمتی امریکی اور کوریا کے برانڈڈ موبائل فونز اور ٹیبلٹ کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے مزید 3 کنٹینرز روک لیے ہیں، کلکٹراپریزمنٹ ویسٹ شہناز مقبول نے بتایا کہ چند روز قبل تین درآمدکنندگان کی جانب سے ریفریجریٹرپارٹس، گارمینٹس اور ڈائیز کی آڑ میں قیمتی برانڈڈ موبائل فونز، ٹیبلٹس اورموبائل بیٹریاں اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جسے اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ نے روک لی تھیں جس کے بعد مذکورہ درآمدکنندگان نے چالاکی کا مظاہر کرتے ہوئے فوری طور پرمذکورہ کنسائمنٹس کی ری ایکسپورٹ کرنے کی اجازت طلب کرلی تھی اور بعد ازاں پہلے سے داخل کردہ گڈزڈیکلریشن کے مطابق ریفریجریٹر پارٹس، ڈائیز اورگارمنٹس پر مشتمل مزیدتین کنٹینرز پاکستان بھیجے تاکہ یہ ظاہر ہوسکے کہ چند روز قبل پہنچنے والے کنٹینرزکی غلطی سے پاکستان آمد ہوئی جبکہ بعد میں بھیجے جانے والے تین کنٹینرز گڈز ڈیکلریشن کے مطابق انہیں درآمد کرنا تھی، انہوں نے بتایا کہ کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ نے مذکورہ درآمدکنندگان کو نہ ری ایکسپورٹ کی اجازت دی اور نہ ہی جی ڈی سے مطابقت رکھنے والی اشیاءپر مشتمل کنسائمنٹ کو کلیئرنس دی ہے، انہوں نے بتایا کہ مزکورہ تینوں درآمدکنندہ مشکوک کمپنیوں کا تعلق لاہور سے ہے، کلکٹراپریزمنٹ ویسٹ نے بتایا کہ موبائل فونزاور ٹیبلٹس کی مس ڈیکلریشن کے ذریعے اسمگلنگ کی کوشش میں وہ عناصر بھی ملوث ہوسکتے ہیں جن کے خلاف حالیہ چند ماہ میں بڑی نوعیت کی کاروائیاں کی گئیں، انہوں نے بتایا کہ مزکورہ کیس میں ایک مشکوک شخص سے تحقیقات کی جارہی ہیں جس سے ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسمگلروں کے گروہ کا منظم مافیااس کیس میں بھی ملوث ہے، انہوں نے بتایا کہ گروہ کے سرغنہ کی نشاندہی ہوگئی ہے جس کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت اچھی پروفائل کی حامل درآمدکنندہ کمپنیوں کے کنسائمنٹس کی بھی ایگزامنیشن سخت کردی ہے کیونکہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بہترین ساکھ کی حامل کمپنیوں کی جانب سے بھی گرین چینل کا بڑھتا ہوا ناجائز استعمال سامنے آیا ہے۔