ایس آراو1125کا غلط استعمال کرنے والے درآمدکنندگان سے اربوں روپے کی ریکوری کا فیصلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈآف ریونیونے ایس آراو1125کے تحت غیرقانونی طریقے سے درآمدکئے جانے والے کنسائمنٹس پرکی جانے والی اربوں روپے کے ٹیکسزکی وصولی کا فیصلہ کرلیاہے تاہم اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ایس آراو1125کاغلط استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی اورایک مکمل رپورٹ ایف بی آرکو ارسال کرے گی۔ایف بی آرکی جانب سے جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ درآمدکنندگان کی جانب سے ایس آراو1125کے تحت پانچ سیکٹرکے لئے غیرقانونی طریقے سے خام مال درآمدکرکے اربوں روپے کے ٹیکسزکی چوری کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیاجبکہ ایس آراو1125کے تحت سیلز ٹیکس کی سہولت کے لئے بیشتردرآمدکنندگان اہل بھی نہیں تھے۔ ذرائع کا کہناہے کہ ایف بی آرنے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایسے تمام درآمدکنندگان کی جانب سے کلیئرکیے جانے والے کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کی جائے اورجو بھی اس کا مرتکب ہوانہیں کمرشل امپورٹرتصورکرتے ہوئے اسی تناسب سے ڈیوٹی وٹیکسزعائدکرکے اربوں روپے کی وصولی کی جائے۔ایف بی آرنے اپنے نوٹیفکیشن میں کہاہے کہ ایم سی سی کراچی نے متعددکیسوںمیں ایسے درآمدکنندگان کی نشاندہی کی ہے جنہوں نے ایس آراو1125کے تحت سیلز ٹیکس کی سہولت کا غلط فائدہ اٹھاکرقومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ بیشتردرآمدکنندگان جنہوں نے ایس آراو1125کی سہولت کے تحت سیلز ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی ان کا کوئی صنعتی یونٹ نہیں ہے یاپھرانہوں نے اپنے صنعتی یونٹ کے برعکس خام مال کی درآمدکی ۔