سپریم کورٹ کے خصوصی برانچز نے 122 ٹیکس کیسز پر فیصلہ سنا دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست پر ٹیکس کے کیسز نمٹانے کے لئے قائم کردہ خصوصی برانز نے 122 کیسز پر فیصلہ سنا دیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی اسی طرح کے اسپیشل برانچز تشکیل دی ہیں۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ان برانچز کی تشکیل سے ٹیکس کے کیسز پر جلد فیصلے کی تواقع ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشن کو ہدایت جاری کردی ہیں کہ وہ کیسز پر پوری تیاری سے جائیں جب بھی سماعت کے لئے وقت مقرر ہو۔ ایف بی آر کے مطابق سپریم کورٹ کے برانچز اکتوبر 2018ءکے وسط سے کام کررہی ہیں۔ سپریم کورٹ کے اسپیشل برانچز جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اطہر اور جسٹس یحییٰ آفریدی پر مشتمل ہیں جبکہ لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد جمیل خان اور جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل اسپیشل برانچز قائم کئے گئے ہیں جوکہ 23 اکتوبر 2018 سے کام کررہی ہیں۔ اب تک سپریم کورٹ نے 122 کیسز اور لاہور ہائی کورٹ نے 265 کیسز پر فیصلہ جاری کردیا ہے۔