ایف بی آر نے قانونی جنگ جیتنے کیلئے ”ماہر قانون دان“ بھرتی کرنے شروع کردیئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایڈووکیٹ کو ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں بھرتی کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے جس کا مقصد ٹیکس کیسز کو عدالت میں بہتر طریقے سے پیش کیا جاسکے۔ اس سلسلے میںایف بی آر نے وکلاءکی تقرری کے لئے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ جس کا مقصد ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی مدد کے لئے ایک اسمارٹ اور ماہر قانونی ٹیم بنانا ہے۔ ملک بھر میں ٹیکس آفسز کے ساتھ ایف بی آر مختلف عدالتوں میں ان لینڈ ریونیو کے کیسز میں ڈپارٹمنٹ کی نمائندگی کرنے کے لئے ایک اسمارٹ لیگل ٹیم تیار کرنے کے لئے کوششیں کررہا ہے۔ قانونی ٹیم علاقائی سطح پر بھرتی کئے جائیں گے جو مختلف مقامات جیسے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، بہاولپور، گوجرانوالہ، ساہیوال، سرگودھا، ایبٹ آباد، پشاور، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور کوئٹہ میں تعینات ہوں گے۔ مختلف وکلاءکی ذمہ داریوں میں ٹیکس ، سروسز اور اینٹی منی لانڈرنگ یا کرمنل کیسز سے متعلق قانونی معاونت شامل ہوں گی۔ مزید یہ کہ ہدایت ملنے پر وہ مختلف عدالتوں میں ایف بی آر کی نمائندگی بھی کریں گے۔