پورٹ قاسم پر کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں تاخیری حربوں کا استعمال
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم کلکٹریٹ میں درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں تاخیری حربوں کا استعمال کیاجارہاہے جس کے باعث درآمدکنندگان کوشدیدمشکلات پیش آرہی ہیں۔ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کلکٹریٹ میں تعینات کسٹمزافسران کی جانب سے کاسمیٹکس، گھڑیاں،کھیلونے، استعمال شدہ کپڑے کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں تاخیرکی جارہی ہے اوردوران ایگزامنیشن مذکورہ اشیاءکے کنٹینرزآٹھ آٹھ دن کھلے رہتے ہیں جس سے کنٹینرکا سامان خراب ہورہاہے جبکہ ایک کنٹینرکی ایگزامنیشن چارسے پانچ مرتبہ کی جارہی ہے جو درآمدکنندگان کے لئے ایک تکلیف دہ عمل ہے۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ پورٹ قاسم پر تعینات ڈپٹی کلکٹرکی جانب سے کسٹمزکلیئرنگ ایجنٹس اوردرآمدکنندگان سے زبانی حلف نامہ لیاجارہاہے کہ آئندہ پورٹ قاسم پر اپنے کنسائمنٹس درآمدنہیں کروگے اس کے بعد ہی کنسائمنٹس کی کلیئرنس کی جائے گی ،ذرائع کا کہناہے کہ کسٹمزافسران کے اس رویہ کی وجہ سے کلیئرنگ ایجنٹس اوردرآمدکنندگان میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔