Exclusive Reports

چھپائے گئے امریکی ڈالرز کیلئے عام معافی کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں چھپائے گئے امریکی ڈالرز کے لئے عام معافی کا اعلان کیا جائے اور ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔ ایف پی سی سی آئی نے خط میں لکھا کہ گرتے زرمبادلہ ذخائر اور مہنگائی کے باعث ملک کی معاشی صورتحال باعث تشویش ہے، غیر ضروری اشیاءکی درآمد پر مکمل پابندی لگائی جائے، لاکرز میں رکھے ڈالرز کو بینکنگ چینل میں لانے کے لیے حکومت مراعات فراہم کرے۔ خط میں مزید لکھا گیا کہ مہنگی ایندھن و بجلی عوام کو سستی بیچنے کی روش کو فوری ترک کیا جائے، ایندھن و پٹرول پر دی جانے والی سبسڈی سے خزانے پر بوجھ پڑ رہا ہے، سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات لیے جائیں اور صوبوں کو پٹرول کی کھپت کم کرنے کا پابند کیا جائے۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خط میں شرح سود کے حوالے سے بھی بات کی، لکھا کہ شرح سود میں اضافے سے پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے۔خط میں ایف پی سی سی آئی نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت جاتے جاتے شرحِ سود میں ڈھائی فیصد اضافہ کر گئی تھی، سابقہ حکومت کی جانب سے شرحِ سود میں اضافہ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدِ نظر نہیں رکھا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت شرحِ سود خطے میں سب سے زیادہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button