پریونٹیو کلکٹریٹ نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز کی حفاظت کیلئے ہدایت جاری کردی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پریونٹیو کراچی نے افغان ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز کو محفوظ بنانے کے لئے گیٹ اسٹاف اور سیلنگ انچارج کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ قوانین کی پاسداری کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پریونٹیو کلکٹریٹ کا کہناہے کہ 11 جون 2011 کو ایک ہدایت نامہ جاری کیاگیا تھا جس کے مطابق افغان ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز کے لئے یہ ہدایت جاری کی گئی تھی کہ کنٹینرز کو ٹرک پر اس طرح رکھا جائے کہ اس کا دروازہ ٹرک ڈرائیور کے کیبن سے صاف طورپر دکھائی دے۔ کلکٹریٹ کے مشاہدہ میں یہ بات آئی ہے کہ اس ہدایت پر صحیح معنوں میں عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کنٹینرز کی سیکورٹی کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ لہذا یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ انچارج فوکل پوائنٹ اور گیٹ اسٹاف اس ہدایت پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس کی خلاف ورزی پر یہ افراد ذمہ دار ہوں گے او ران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔