ایم سی سی ایسٹ، ایل ای ڈی لائٹس کے کنسائمنٹس کے ذریعے لاکھوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کا انکشاف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ کے شعبہ آراینڈڈی نے ایل ای ڈی لائٹس کے کنسائمنٹس میں انڈرانوئسنگ کے ذریعے کی جانے والی لاکھوں ڈالرکی منی لانڈرنگ اورڈیوٹی وٹیکسزکی چوری بے نقاب کرتے ہوئے ملزمان میں شامل تین درآکنندگان میسرزراناانٹرپرائززکی مالک حناانتظار،میسرزلائباٹریڈنگ کے مالک محمدعثمان،میسرزعلیم انٹرپرائززکے مالک محمدعلیم،محمداشرف،ذیشان لیاقت، اورکلیئرنگ ایجنٹ میسرزمایوانٹرپرائززکے خلاف تین الگ الگ ایف آئی آردرج کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق کلکٹراپریزمنٹ ایسٹ ڈاکٹرندیم میمن کو خفیہ اطلاع ملی کہ ساؤتھ ایشیاپاکستان ٹرمینل سے ایل ای ڈی لائٹس اورپرزہ جات کے کنسائمنٹس کے ذریعے بڑے پیمانے پر انڈرانوئسنگ کی جارہی ہے جس پر کلکٹرڈاکٹرندیم میمن کی جانب سے ایڈیشنل کلکٹررضوان بشیرکو مذکورہ ٹرمینل پر درآمدکئے جانے والے ایل ای ڈی لائٹس وپرزہ جات کے کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی ہدایت جاری کی گئیں جس پر ایڈیشنل کلکٹررضوان بشیرنے ڈپٹی کلکٹررانا ارسلان مجیدکے سربراہی میں پرنسپل اپریزرمحمدابراہم خان، سینئر پریونٹیو آفیسر ملک ہاشم،اپریزنگ آفیسرزخاورہاشمی،اپریزنگ آفیسرکلیم عظمت چٹھہ پر مشتمل ٹیم نے ساؤتھ ایشیاپاکستان ٹرمینل پر درآمدکئے جانے والے ایل ای ڈی لائٹس کے کنسائمنٹس کی سخت نگرانی شروع کردی،۔ذرائع نے بتایاکہ درآمدکنندگان کی جانب سے درآمدکئے جانے والے ایل ای ڈی لائٹس کے تین کنسائمنٹس کی گڈزڈیکلریشن ایک ہی کلیئرنگ ایجنٹ میسرزمایوانٹرپرائززکی جانب سے فائل کی گئی تھی تاہم ایل ای ڈی لائٹس وپرزہ جات کے کنسائمنٹس کو آراینڈڈی کی ٹیم کی جانب سے روک کرمشترکہ ایگزامینشن کی ہدایات جاری کی گئیں۔ذرائع نے بتایاکہ کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے دوران اس امرکاانکشاف ہواکہ میسرزراناانٹرپرائززکی جانب سے 96ہزار922ڈالر کاکنسائمنٹ درآمدکیاگیاجبکہ کلیئرنگ ایجنٹ نے درآمدکنندہ کے ساتھ مل کرکنسائمنٹ کی درآمدی قیمت 10ہزار500ڈالر ظاہرکی،جبکہ میسرزلائباٹریڈرزنے ایک لاکھ 35ہزار998ڈالرکے کنسائمنٹ کی درآمدی قیمت10ہزارڈالر ظاہرکی اسی طرح میسرزعلیم انٹرپرائززنے 15ہزار287ڈالر کے کنسائمنٹ کی درآمدی قیمت 5ہزارڈالر ظاہرکرکے قومی خزانے کو مجموعی طورپرایک کروڑ96لاکھ93ہزارروپے مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکانقصان پہچانے کی کوشش کی۔ذرائع نے بتایاکہ درآمدکنندگان کی جانب سے منی لانڈرنگ ایکٹ کی خلا ف ورزی کی گئی ہے جس کے لئے محکمہ کسٹمزکے اعلیٰ افسران کی جانب سے کیس نیب کو دینے پر غوربھی کیاجارہاہے۔ذرائع کاکہناہے کہ کلکٹراپریزمنٹ ایسٹ ڈاکٹرندیم میمن کی جانب سے گرین چینل کے ذریعے کلیئرکئے جانے والے کنسائمنٹس کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں ہونے والے بے قائدگیوں کو روکاجاسکے۔
MCC East deduct Money Laundering on LED Consignemnts