ساﺅتھ ایشیاپاک ٹرمینل پر درآمدی کنسائمنٹس کی ایگزامنیشن لپوﺅں کے سپرد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ساﺅتھ ایشیا پاک ٹرمینل پر درآمدی کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری ٹرمینل پر موجود کسٹمز افسران کے پرائیویٹ ملازمین (لپو) انجام دے دیتے ہوئے درآمد کنندگان اور کلیئرنگ ایجنٹس کو بلیک میل کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹرمینل پر تعینات ایگزامن آفیسر کا پرائیویٹ ملازم (لپو) شیراعظم درآمدی کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے فرائض انجام دے رہا ہے جبکہ کسٹمز قوانین کے مطابق کوئی بھی غیر متعلقہ فرد ایگزامنیشن ایریا میں داخل نہیں ہوسکتا لیکن شیراعظم ایک پرائیویٹ ملازم ہونے کے باوجود درآمدی کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال بھی کررہا ہے جبکہ موصوف افسران کے نام پر بھاری رقوم وصول کرتا ہے اور نذرانہ نہ دینے والوں کے درآمدی کنسائمنٹس کی ایگزامنیشن رپورٹ درست طریقے سے نہیں بنائی جاتی۔ جس کی وجہ سے درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں تاخیر ہورہی ہے اور درآمد کنندگان کو ڈیمرج و ڈینشن کی مد میں بھاری رقوم کی ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے۔ اس سلسلے میں متاثرہ درآمد کنندگان نے ممبر کسٹمز، چیف کلکٹر اور کلکٹر سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ ٹرمینل پر ہونے والے غیر ذمہ دارانہ رویہ کا نوٹس لیا جائے۔