ایف بی آر نے افسران کیخلاف انکوائری کیلئے یونٹ قائم کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے افسران کے خلاف انکوائری کو جلدازجلد نمٹانے کے لئے ایک علیحدہ سے یونٹ قائم کردیا ہے۔ ایف بی آر کے ایک اعلامیہ کے مطابق ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں یہ یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ جس میں گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران کے خلاف کرپشن اور نااہلی کے کیسز میں کارروائی کی نگرانی کی جائے گی۔ تاکہ بروقت انکوائری کو مکمل کیا جاسکے± اس یونٹ کی سربراہی ایف بی آر کے سیکریٹری اور سیکنڈ سیکریٹریٹ کریں گے اور اس کی رپورٹ چیف آئی آر ۔ ایچ آر ایم کو کریں گے۔ ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ یونٹ اس خواہشوں کا تسلسل ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر ایف بی آر افسران پر عائد الزامات میں جاری انکوائری کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سے پہلے 16 اگست 2022 کو ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشن کو ہدایت جاری کی تھی کہ وزیراعظم نے تادیبی کارروائی کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق انکوائری آفسیر کو 60 روز میں انکوائری کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ کیس سے متعلق دستاویز کو محفوظ کرنا ٹیکس آفس / کلکٹر کے سربراہ کی ذمہ داری ہوگی۔ ادارے کے سربراہ کی یہ بھی ذمہ داری ہوگی کہ بروقت ریکارڈز انکوائری آفیسر کو فراہم کی جائیں۔