کسٹمزانٹیلی جنس کی مختلف کارروائیاں،چھ کروڑسے زائد مالیت کی اسمگل اشیاءضبط
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کوئٹہ سے کراچی اسمگل کئے جانے والے ڈرائی فروٹ اوردیگر کھانے پینے کی اشیاءضبط کرکے چارملزمان کو گرفتارکرکے مزید تفتیش کے لئے عدالت سے پانچ دن کا ریمانڈحاصل کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرجنرل کسٹمزانٹیلی جنس فیض احمد کی جانب سے اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن آپریشن کے احکامات پر ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس ثاقف سعید نے ایڈیشنل ڈائریکٹرنوشین ریاض کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹرانعام اللہ وزیر سپرنٹنڈنٹ سعید فاروقی،انٹیلی جنس آفیسرزارشادعلی،علی خان،مراتب علی اوردیگرافسران واہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے سپرہائی وے سے گزرنے والی گاڑیوں کی نگرانی شروع کی تاہم مشتبہ ٹرالرکو روک کراس کی جانچ پڑتال کی گئی تواس پر لدے کنٹینرسے بھاری مقدارمیں خشک میوہ،بادام اورزیرہ برآمدہواجو کوئٹہ سے کراچی اسمگل کیاجارہاتھاجس کی مالیت دوکروڑسے زائد بتائی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ کسٹمزانٹیلی جنس نے کارروائی کے دوران چارملزمان کو بھی حراست لے کرعدالت سے پانچ دن کا ریمانڈحاصل کرلیاہے تاکہ مزید کارروائی کی جاسکے۔ علاوہ ازیں کسٹمزانٹیلی جنس کی مزکورہ ٹیم نے تین مختلف کارروائیوں میں کاسمیٹکس،کپڑا،کراکری اورخشک دودھ کی بھی اسمگلنگ ناکام بنائی ہے جس کی مالیت چھ کروڑ70لاکھ بتائی گئی ہے۔