اسمگلنگ اور دہشت گردی روکنے کیلئے ریڈ الرٹ جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اسمگلنگ اور دہشت گردی کو روکنے کے ادارے (سی ٹی ڈی) کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے کسٹم حکام کے لئے ریڈ الرٹ جاری کردیئے ہیں۔ ایف بی آر نے یہ الرٹ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں ملوث رقوم کو جانچا ہے کہ وہ دہشت گردی یا منی لانڈرنگ کے لئے تو استعمال نہیں ہورہی ہے۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں کسٹم جنرل آرڈر نمبر 01 جاری کیا ہے جس کے تحت کلیئرنس کے وقت کرنسی اسمگلنگ اور دوسری قیمتی جیولری کی غیر قانونی طریقہ سے نقل وحمل کو روکنا ہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کو فوری روکا جاسکے۔ ایف بی آر نے اسمگلنگ کو روکنے کے لئے 15 نکاتی ریڈ الرٹ جاری کئے ہیں تاکہ کسٹمز حکام کو اینٹی منی لانڈرنگ اور کاﺅنٹر فنانسنگ آف ٹیررازم کو روکنے میں مدد مل سکے۔ ایف بی آر کے مطابق 15 نکات میں اہم سوالات اٹھائے گئے ہین جس میں ایک اہم نکتہ ہے کہ کیا مشکوک فرد اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997ءکے زمرے میں آتا ہے؟ اسی طرح کیا مشکوک فرد کسی ایسی آرگنائزیشن سے تعلق رکھتا ہے جس پر پابندی عائد کی گئی ہو۔ کسٹمز حکام کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ مشکوک فرد کا تعلق اقوام متحدہ سے جاری کردہ فرد کی فہرست جن پر پابندی عائد کی جاچکی ہے، سے تو نہیں ہے۔ مزید یہ کہ مشکوک فرد کسی دہشت گرد یا کسی ایسی تنظیم کے کہنے پر کرنسی یا جیولری لے کر سفر تو نہیں کررہا۔ مزید یہ کہ وہ شخص جو رقم لے کر سفر کررہا ہے اس کے سابقہ اخراجات سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔ کسٹمز حکام کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کہیں یہ فرد پہلے کرنسی اسمگلنگ میں ملوث تو نہیں رہا۔