کسٹمزانٹیلی جنس کااسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاون ،کپڑے کی بھاری مقدار ضبط
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس کراچی نے رینجرزاورمقامی پولیس کی مددسے جامع کلاتھ کے قریب الجدید مارکیٹ کی عمارت میں واقع گوداموں سے 25 کروڑروپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ غیرملکی کپڑابرآمد کرکے ضبط کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرجنرل فیض احمدکی جانب سے معلومات دی گئیں کہ جامع کلاتھ مارکیٹ کے قریب واقع الجدیدمارکیٹ میں بھاری مقدارمیں کپڑاذخیرہ کیاہواہے جس پر ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس کراچی انجینئرحبیب کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹرافضل وٹوکو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں ڈپٹی ڈائریکٹرواصف ملک کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعود حسن کی نگرانی میں سپرنٹنڈنٹ ارشاد شاہ ،انٹیلی جنس آفیسرزبابر حسین، جہانزیب خان، اشتیاق احمد، علی خان، محفوظ کھوسو، حاتم بھیو، خیام حسین اوراہلکاروں پرمشتمل ٹیم نے پولیس اورینجرزکے ساتھ مل کرالجدیدمارکیٹ اوراللہ والامارکیٹ میں واقع گوداموں پرچھاپہ مارکر گوداموں رکھے ہوئے کپڑے کی تفصیلات طلب کیں جس پر وہاں موجود عملہ کی جانب سے دستاویزات مہیانہ کرنے پر چھاپہ مارٹیم نے 45ٹن کپڑااپنے قبضہ میں لے لیاجس کی مالیت 25کروڑسے زائدبتائی گئی ہے۔