بے نامی اکاونٹس کے بعد بے نامی گاڑیاں رکھنے کا انکشاف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف بی آر کے بے نامی زون تھری کراچی نے بے نامی اکاونٹس کے بعد بے نامی گاڑیاں رکھنے کا انکشاف کیاہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر نے بے نامی گاڑیوں کا ڈیٹابھی مرتب کیا جس کے بعد 20 بے نامی گاڑیوں کے کیسز درج کیے گئے۔ 20بے نامی گاڑیوں کی نشاندہی کے بعد کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ نوابشاہ بے نظیر آباد کے ایک رہائشی عبدالغفار نامی شخص کے نام پر 12 مہنگی گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔ایف بی آر کے بے نامی زون تھری کے حکام نے مذکورہ شخص سے رابطہ کرکے ایڈجیوڈیکیشن اتھارٹی کے سامنے پیش کیا جس میں عبدالغفار نے انکشاف کیا کہ نہ تو اسکی جائیداد ہے اور نہ ہی اسکا بینک اکاونٹ ہے بلکہ بے نامی مہنگی گاڑیاں بھی اسکی ملکیت نہیں ہیں بلکہ ان مہنگی گاڑیوں کی رجسٹریشن کےلیےانکے شناختی کارڈ کا غیرقانونی طور پر استعمال کیاگیاہے۔ واضح رہے کہ ان بے نامی مہنگی گاڑیوں میں 2مرسٹیز بینز ،2 پراڈو ،2 پی ایم ڈبلیو کے علاوہ ایک کیڈیلیک، 5کرولا بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بے نامی زون تھری نے مقدمات کا اندراج کرنے کے بعد بے نامی گاڑیاں رکھنے والے افراد کو اپنے حق میں دلائل دینے اور اپیل دائر کرنے کے لیے 45 دن کی مہلت دی تھی جو منگل 8فروری 2021 کو ختم ہوگئی ہے اور اس مقررہ مدت میں بے نامی گاڑیوں کے کسی بھی مالک نے نہ رابطہ کیا اور نہ ہی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جس کے بعد بے نامی زون نے بدھ سے ان گاڑیوں کی ضبطگی کا عمل شروع کردیاہے۔ واضح رہے کہ ان 20بے نامی گاڑیوں کی مالیت 20 کروڑ روپے ہے جنہیں ضبط کرکے نیلام کیاجائے گا۔