کسٹمز انٹیلی جنس کراچی ،اسمگلنگ کی بڑی کوشش کو ناکام17کروڑسے زائد مالیت کے لیب ٹاپ سمیت دیگر اسمگل اشیاءضبط
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس نے ڈیفنس کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 17کروڑسے مالیت کے لیپ ٹاپ، ایل سی ڈی وایل ای ڈی پینلز، سی پی یو، ہارڈ ڈرائیوز، ریم اور کی بورڈزسمیت دیگر اسمگل اشیاءضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ کسٹمزانٹیلی جنس آفیشل کا کہناہے کہ پکڑاجانے والی سامان گزشتہ ہونے والی 35کروڑمالیت کی کارروائی سے مماثلت رکھتاہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ کسٹمزانٹیلی جنس آفیشل کاکہناہے کہ تفتیش کے دوران کچھ شواہدحاصل کئے ہیں اورجلد اس اسمگلنگ کے ماسٹرمائنڈکو گرفتارکرلیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرجنرل کسٹمزانٹیلی جنس فیض احمدکی جانب سے ایک مخصوص اطلاع فراہم کی گئی تھی کہ اسمگل شدہ اور نان ڈیوٹی پیڈ غیر ملکی الیکٹرانک سامان کی بھاری مقدار جس میں لیپ ٹاپ اور ایل سی ڈی اور ایل ای ڈی پینلز شامل ہیںجیسے ا سمگل کرکے ڈیفنس کے علاقے سے طارق روڈ منتقل کرکے غیرقانونی فروخت کے لئے مختلف ٹھکانوں پرذخیرہ کیاجائے گا۔ ذرائع مزید بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز کراچی کی انسداد اسمگلنگ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے اس سلسلے میں نگرانی شروع کردی۔ نگرانی کے دوران، تشکیل دی گئی ٹیم نے ایک اسوزو ٹرک رجسٹریشن نمبر۔ جے وی6713کو کالا پل کراچی کے قریب شاہراہ فیصل پر روک کراس پر لدے ہوئے سامان کے بارے میں استفسار پر،اسوزو ٹرک کے ڈرائیور نے انکشاف کیا کہ مذکورہ سامان ڈی ایچ اے سے طارق روڈ کراچی تک منتقل کرنے کے لیے مذکورہ ٹرک پر غیر ملکی الیکٹرانک سامان میں شامل لیپ ٹاپ اورایل سی ڈی/ایل ای ڈی پینلز شامل تھے لوڈ کیے گئے تھے۔ مذکورہ اسوزو ٹرک کی جانچ پڑتال پر لیپ ٹاپ اورایل سی ڈی/ایل ای ڈی پینلز، کی بورڈز وغیرہ پر مشتمل غیر ملکی الیکٹرانک سامان برآمد کیا گیا۔ جس کاڈرائیور کوئی قانونی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا جس پرسامان کو قبضہ میںلے لیاگیا۔ مذکورہ ٹرک کے ڈرائیور کی جانب سے جگہ اور برآمد شدہ سامان کی لوڈنگ کے حوالے سے نشاندہی کرنے پر کسٹمز انٹیلی جنس کا عملہ فوری طور پر مرکزی خیابان شجاعت، فیز VIII، ڈی ایچ اے، کراچی میں کھلے پلاٹ پر واقع مذکورہ جگہ پر پہنچا جہاں ایک اور اسوزو ٹرک رجسٹریشن نمبرجے وی5988پر الیکٹرانک سامان سے لدا ہوا پایا گیا۔ چونکہ موقع پر کوئی بھی موجود نہیں تھا، اس لیے اسوزو ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا اور تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد مذکورہ ٹرک کو بھی ڈائریکٹوریٹ جنرل کے دفتر میں لایا گیا۔ برآمد ہونے والے سامان کی تفصیلی فہرست تیار کر لی گئی ہے جس میں برآمد شدہ سامان میں 1185لیپ ٹاپ،5382 ایل سی ڈی اورایل ای ڈی پینلز،75سی پی یو، 1210ہارڈ ڈرائیوز، 130ریم، 650 کی بورڈز، 650کلوگرام کمپیوٹرپاورکورڈبرآمدہوئے جس کی مالیت 17کروڑ60لاکھ روپے بتائی گئی ہے جبکہ گاڑیوں کی مالیت1کروڑ50لاکھ روپے ہے۔کسٹمزانٹیلی جنس ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی آر درج کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔