Anti-SmugglingBreaking NewsCrimeEham Khabar

انفورسمنٹ کراچی کی کارروائی،9کروڑسے زائد مالیت کی چرس ضبط

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی نے کوئٹہ سے کراچی اسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط مقصود عباسی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کوئٹہ سے بذریعہ کار چرس اسمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی، اس اطلاع پر کلکٹر باسط مقصود عباسی نے ممکنہ منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کے لئے ایڈیشنل کلکٹر انفورسمنٹ امان اللہ ترین کو خصوصی ہدایات جاری کیں جس کی روشنی میں ایڈیشنل کلکٹر انفورسمنٹ امان اللہ ترین نے اسسٹنٹ کلکٹر انفورسمنٹ اے ایس او امان صادق کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے بلوچستان سے آنے والی تمام گاڑیوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی اور اے ایس او کے پٹرولنگ اسکواڈ کو بھی پہلے سے زیادہ متحرک کیا اور آر سی ڈی ہائی وے اور اس سے متصل کچے علاقوں میں بھی پٹرولنگ کو بڑھایا۔ گزشتہ رات رئیس گوٹھ سے گزرنے والی ہونڈا سوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار ڈرائیور نے گاڑی کو روکنے کے بجائے رفتار تیز کر کے فرار ہونے کی کوشش کی تو اس گاڑی کا پیچھا کیا گیا، ڈرائیور نے کچھ دور جاکر گاڑی کو روک کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راہ فرار اختیار کی۔ کسٹمز پٹرولنگ اسکواڈ نے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے کر تفصیلی جانچ پڑتال کے لئے موچکہ چیک پوسٹ پر لے جاکر جب اس گاڑی کی مکمل تلاشی لی تو گاڑی کے دروازوں، سیٹوں اور ڈگی میں موجود بکس سے چرس کے ایک کلو والے 474 پیکٹ برآمد ہوئے جن کا کل وزن 474 کلو گرام اور مالیت 9 کروڑ 45 لاکھ روپے ہے۔ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 38 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بھی ضبط کرلی گئی۔نامعلوم ملزمان کے خلاف انسداد منشیات اور کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button