ایف بی آر نے کسٹمز ملازمین کے آﺅٹ اسٹیشن ٹرانسفر کو واپس لینے کا فیصلہ کرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان کسٹمز کے گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے ملازمین جن کی سال 2019ءمیں ٹرانسفر آﺅٹ اسٹیشن کی گئی تھیں، ان کو متعلقہ کلکٹریٹ میں واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر نے فیصلہ ملازمین کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ ایف بی آر نے گزشتہ سال ان ملازمین کی ٹرانسفر کے احکامات جاری کئے تھے جوکہ ایک ہی کلکٹریٹ میں سال 2016ءسے فرائض انجام دے رہے تھے۔ البتہ اس ٹرانسفر کے احکامات کے بعد ایف بی آر کو ملازمین کی جانب سے بے تحاشا گزارشات موصول ہوئیں۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں کلکٹریٹ اور ڈائریکٹریٹ سے سفارشات طلب کرلیں تاکہ جو ملازمین آﺅٹ اسٹیشن مسائل کا سامنا کررہے ہیں، ان کے ٹرانسفر کے احکامات واپس لئے جاسکیں۔ ایف بی آر نے کلکٹریٹ اور ڈائریکٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ ان کیسز کو اہمیت دیں جنہیں واقعی ٹرانسفر کو واپس لینے کی ضرورت ہے۔ ایف بی آر نے سفارشات آئندہ 15 دنوں میں طلب کرلی ہیں۔