کے آئی سی ٹی انتظامیہ اورکسٹمزافسران کی ملی بھگت ،دوکنٹینروںسے 50لاکھ سے زائد کی الیکٹرانکس اشیاءغائب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل کی انتظامیہ اورکسٹمزافسران کی ملی بھگت سے دبئی سے درآمدکئے جانے والے کنسائمنٹ کے کنٹینرزسے 50لاکھ سے زائد مالیت کی الیکٹرانکس اشیاءغائب کردی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق میسرزالائیڈالیکٹرانکس کی جانب الیکٹرانکس اشیاءکے دوکنٹینردرآمدکئے گئے جیسے لاہورڈرائی پورٹ سے کلیئرکروایاجاناتھاتاہم محکمہ کسٹمزکی جانب سے دبئی سے آنے والے ٹی پی کے کنسائمنٹس کی غیرقانونی جانچ پڑتال کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے کراچی بندرگاہوں پر تعینات کسٹمزافسران ٹی پی کے کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کررہے ہیں اوران کنسائمنٹس سے سامان چوری کرکے دوسرے کنٹینروںمیں رکھ کرکلیئرکررہے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ اسی طرح کا ایک واقعہ کراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل پر پیش آیاجہاں پر مذکورہ ٹرمینل کی انتظامیہ اورمحکمہ کسٹمزکے افسران میں شامل ایگزامر قمرعباس سیدنے الیکٹرانکس اشیاءکے کنسائمنٹ کی ایگزامیشن کے دوران کنٹینرزسے 50لاکھ روپے سے زائد مالیت سونی برانڈایل ای ڈی ٹی وی،ہوم تھیٹر،ہائی فائی سسٹم، ویڈیوکیمرے، وائرلیس اسپیکر،کاراسپیکر،ہیڈفون سمیت مختلف الیکٹرانکس کا سامان غائب کردیا۔ذرائع نے بتایاکہ کراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل پر مذکور کنسائمنٹ کی جانچ پڑتال کے بعد کنسائمنٹ لاہورڈرائع پورٹ روانہ کردیاگیاتھاتاہم لاہورڈرائی پورٹ پرکنسائمنٹ کی ایگزامیشن کے دوران اس بات کا انکشاف ہواکہ کراچی میں کنسائمنٹ کی ایگزامنیشن کرتے ہوئے کسٹمزآفیسرقمرعباس سید اورکراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل کی انتظامیہ اسٹاف نے دونوں کنٹینروں سے سونی برانڈایل ای ڈی ٹی وی،ہوم تھیٹر،ہائی فائی سسٹم، ویڈیوکیمرے، وائرلیس اسپیکر،کاراسپیکر،ہیڈفون سمیت مختلف الیکٹرانکس کا سامان غائب کرکے دوسرے کنٹینرمیںرکھ کرکلیئرکروادی گئی ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ درآمدکنندہ کی جانب سے محکمہ کسٹمزکے اعلیٰ افسران سے شکایات بھی کی گئی ہیںلیکن محکمہ کسٹمزاورکراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل کی انتظامیہ کسی کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے لئے کسی قسم کااقدام اٹھانے میںٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔