کراچی(اسٹاف رپورٹر): ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ نے پیر کو وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر پاکستان کے سامنے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورکمپنی جلد ہی وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلہ کے خلاف صدرپاکستان کے پاس درخواست دائرکرے گی۔ملت ٹریکٹرزلمیٹڈکی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک بیان میں، کمپنی نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا فیصلہ قومی پریس میںملت ٹریکٹر کو قابل قبول سیلز ٹیکس ریفنڈز کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا تھا۔کمپنی نے کہا: "ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ اپنے معاملات میں ملک کے تمام قابل اطلاق قوانین کی مکمل پابندی کرتی ہے۔ ٹریکٹر مینوفیکچررز کے لیے سیلز ٹیکس ریفنڈز 08 اپریل 2022 تک ایس آراو 363(I)/2012 کے تحت تھے جبکہ29 اپریل 2022 کوایس آراو 563(I)/2022 کے اجراءپر رقم کی واپسی کے لیے کچھ شرائط شامل کی گئیں۔ملت ٹریکٹرز پہلے ہی SRO 563(I)/2022 کے اطلاق کو لاہور ہائی کورٹ اور کمشنر اپیلز، لارج ٹیکس پیئرز آفس (LTO) لاہور میں چیلنج کر چکا ہے۔کمپنی نے مزید کہا ہے کہ کمپنی ایف ٹی او کے حکم کے خلاف صدر پاکستان کے پاس اپیل دائر کرے گی۔