ایف بی آر نے گاڑیوں کی درآمد کیلئے طریقہ کار جاری کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گاڑیوں کی امپورٹ کے لئے طریقہ کار جاری کردیا ہے جس کے تحت ایشیاءمیڈ کار جوکہ تین سال پرانی اور بسیں اور بڑی پسنجر گاڑیاں 5 سال تک کی امپورٹ کی جاسکتی ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں یا جو دوہری شہریت رکھتے ہیں وہ پرانی یا استعمال شدہ گاڑیاں پاکستان لاسکتے ہیں۔ یہ گاڑیاں پرسنل بیگیج، گفٹ اسکیم اور ٹرانسفر آف ریزیڈنس کی اسکیموں کے تحت لائی جاسکتی ہیں۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی میعاد یکم جنوری سے طے کی جائے گی جوکہ اس کے بعد مینوفیکچرنگ سے شپمنٹ کی تاریخ پر متصور ہوگی یا پھر بل آف لیڈنگ پر درج شدہ تاریخ پر انحصار کیا جائے گا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پرسنل بیگیج کے لئے وہ افراد جوکہ ملک سے باہر 180 دن گزرتے ہیں وہ اس اسکیم کے لئے اہل ہوں گے۔ جبکہ ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیم کے لئے 700 دن ملک سے باہر گزارنے والے اہل ہوں گے۔ جبکہ گفٹ اسکیم میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانی صرف اپنے فیملی ممبرز کو گاڑی بھیج سکتے ہیں جبکہ کئی گاڑیوں کی کلیئرنس کے لئے ضروری ہے کہ اس کی ڈیوٹی اور ٹیکسز فارن کرنسی میں کی جائے جوکہ باہر سے آئے ہوں ۔
New Method for Import of Vehicles