پی آئی سی ٹی پر نامناسب انتظامات ،کلیئرنگ ایجنٹ ہلاک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل پر نامناسب انتظامات کے باعث کیمیکل کے کنٹینرسے ظہیرعباس نامی کلیئرنگ ایجنٹ کی لعش برآمدہوئی۔ذرائع نے بتایاکہ پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل(PICT) پردرآمدہونے والے خطرناک کیمیکل کی جانچ پڑتال کے لئے علیحدہ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے خطرناک کیمیکل کے کنسائمنٹس دوسرے کنسائمنٹس کے ساتھ ہی رکھےجاتے ہیں اوران کیمیکل کے کنسائمنٹس کی ایگزامینشن بھی اسی جگہ پرہوتی ہے جہاں پر دیگرکنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اوران ہی نامناسب انتظامات کے باعث کلیئرنگ ایجنٹ کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔ذرائع نے بتایاکہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ٹرمینلزپر خطرناک کیمیکل کے ایگزامینشن کے لئے علیحدہ جگہ کا انتظام ہوتاہے لیکن بدقسمتی سے کراچی میں قائم پی آئی سی ٹی،کے آئی سی ٹی اورکیوآئی سی ٹی نے بین الاقوامی قوانین کو نظراندازکیاہواہے اورایک ہی جگہ کیمیکل سمیت دیگرکنسائمنٹس کی ایگزامینیشن کی جاتی ہے۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ پلانٹ پروٹیکشن سر ٹیفکیٹ (پی پی آراو)کے سیمپل کےلئے کیمیکل کے کنسائمنٹ کو گراﺅنڈکیاگیااورٹرمینل انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کے بغیرہی کلیئرنگ ایجنٹ کوکیمیکل کے نمونے لینے کے لئے کنٹینرکے اندرجانے دیاجس سے اس کی موت واقعہ ہوئی۔ذرائع نے بتایاکہ نہ تو ٹرمینل کے ایگزامینیشن ایریامیں کلیئرنگ ایجنٹ کو داخل ہونے کی اجازت ہے اورنہ ہی کلیئرنگ ایجنٹ کوکسی بھی کنسائمنٹ سے اس کے نمونے لینے کا اختیارحاصل ہوتاہے توپھرکلیئرنگ ایجنٹ ظہیرعباس کو کس خطرناک کیمیکل کے نمونے لینے کے لئے اجازت دی۔ذرائع نے کہاکہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائیں تاکہ اصل ذمہ داروں کو کیفرکردارتک پہنچایاجاسکے۔اس ضمن میں پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل کے منیجرمحمد جنیدقریشی سے رابطہ کیاگیاتوانہوں نے بتایاکہ یہ قتل نہیں بلکہ ایک حادثہ ہے اورکلیئرنگ ایجنٹ کسی کو بتائے بغیراپنی مرضی سے کیمیکل کے نمونے لینے کنٹینرمیں داخل ہواجبکہ اس کو کنٹینرزمیں داخل ہونے سے قبل ٹرمینل انتظامیہ سے آگاہ کرناچاہئے تھا۔انہوں نے کہاکہ پی آئی سی ٹی پر ڈینجرس گڈزکے ہنڈل کرنے کے تمام ترحفاظتی انتظامات موجو دہیں ،انہوں نے کہاکہ پی پی آراوسر ٹیفکیٹ کے حصول کے لئے کلیئرنگ ایجنٹس اورپی پی آراواسٹاف کے درمیان اچھے مراسم ہونے کے سبب ٹرمینل کی انتظامیہ صرف کنٹینرگراﺅنڈ کرتے ہیں اس کے علاوہ ٹرمینل انتظامیہ کا کوئی کام نہیں ہوتا۔