یارن پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پولیسٹر یارن پر 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں ایس آر او 2293(I)2022 جاری کردیا ہے۔ ایف بی آر نے یارن پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کے لئے ایس آر او 966(I)2022 بتاریخ 30 جون 2022 میں مطلوبہ ترمیم کردی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ایچ ایس کوڈ 5402.3300، 5402.4600، 540.4700، 5402.5200 اور 5402.6200 کے تحت امپورٹ کی جانے والی پولیسٹر یارن پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہوگی۔ یاد رہے کہ قومی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 29 نومبر 2022 کو ایک میٹنگ میں یارن پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی منظوری دی تھی۔اس ڈیوٹی کو نافذ کرنے کے لئے وزارت تجارت نے سفارش کی تھی۔ البتہ پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن نے ایس ی سی کے فیصلے کی سخت مذمت کی تھی۔ پی وائی ایم اے کا کہنا تھا کہ یارن ٹیکسٹائل انڈسٹری کو اہم خام مال ہے۔ ایسوسی ایشن کا مزید کہنا ہے کہ اس ریگولیٹری ڈیوٹی سے کاسٹ آف پروڈکشن بڑھ جائے گی جس سے آٹھ لاکھ پاور لومز متاثر ہوں گے۔