ڈیفنس ہاﺅنسنگ اتھارٹی میں قائم کلب پر ٹیکس کی عدم ادائیگی پر چھاپہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ریونیو بورڈ نے سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی کراچی میں قائم ایک کلب پر چھاپہ مارا اور کئی اہم دستاویز قبضہ میں لے لیں اور مزید کارروائی کا آغاز کردیا۔ ایس آر بی کے ایک اعلامیہ کے مطابق صوبائی ریونیو باڈی نے ڈیفنس کے پوش کلب میں سروس ٹیکس کی عدم ادائیگی پر چھاپہ مارا تھا۔ ایس آر بی کے مطابق سندھ سیلز ٹیکس آن سروس ایکٹ 2011 کے سیکشن 51 کے تحت یہ چھاپہ مارا گیا۔ ایس آر بی کا مزید کہنا تھا کہ کلب سیلز ٹیکس آن سروسز کا گزشتہ کئی عرصے سے نادہندہ ہے۔ صوبائی ریونیو اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اس نے کلب کو پہلے ہی ٹیکس کی ادائیگی کے لئے نوٹسز جاری کررکھے تھے۔ مزید یہ کہ کلب کو سیلز ٹیکس کے ماہانہ گوشوارے بھی جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ البتہ کلب کی جانب سے ان نوٹسز کا کوئی جواب نہیں دیا گیا اور مسلسل ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ ایس آر بی کا کہنا ہے کہ قبضہ میں لئے گئے ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے اور اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کلب سے سیلز ٹیکس کی کس طرح وصولی کی جائے۔ صوبائی ٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ چھاپہ اس کریک ڈاﺅن کا حصہ ہے جوکہ ایس آر بی نے ٹےکس نادہندگان کے خلاف شروع کررکھا ہے۔