سندھ ریونیو بورڈ نے 11 ماہ میں 161 ارب سے زائد کے محصولات اکھٹے کرلئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ریونیو بورڈ نے رواں مالی سال کے 11 مہینوں میں محصولات کی وصولی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ایس آر بی نے اس مدت میں 161.3 ارب کے محصولات اکھٹے کئے ہیں جوکہ گزشتہ سال کے اسی مدت سے 22.4 فیصد زائد ہیں۔ ایس آر بی کے لئے موجودہ مالی سال کے لئے 180 ارب روپے کا ہدف رکھا گیا ہے، جوکہ موجودہ کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی ٹیکس ادارہ اس کو حاصل کرنے میںکامیاب ہوجائے گا۔ ایس آر بی نے مئی 2023 میں 18 ارب روپے کے محصولات اکھٹا کئے جوکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں28.2 فیصد زائد ہے۔ ایس آر بی نے گزشتہ مالی سال کے مئی میں 14.05 ارب روپے وصول کئے تھے۔ ایس آر بی حکام کا کہنا ہے کہ اس شاندار کامابی کا سہرا ٹیکس پیئرز کی جانب سے ادارے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے جبکہ سندھ حکومت کے مسلسل تعاون سے بھی موجودہ محصولات حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایس آر بی نے کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں۔ ان اقدامات میں ٹیکس نظام کو بہتر کرنا، ٹیکس وصولی کے آفس میں اضافہ کرنا اور ٹیکس وصولی کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا شامل ہے۔ ایس آر بی کا کہنا ہے کہ اب تک کی غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ ادارہ اپنے سالانہ ریونیو اکھٹا کرنے کے 180 ارب روپے کے ہدف کو حاصل کرنے میں پراعتماد ہے۔