کراچی ایئرپورٹ ، غیرملکی کرنسی اورادویات کی اسمگلنگ ناکام
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جناح ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمزافسران نے کراچی سے دبئی جانے والے مسافروں کے پاس سے لاکھوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹر ڈاکٹر ندیم میمن اور ایڈیشنل کلکٹر اسد اللہ لارک نے گزشتہ دنوں انٹرنیشنل آرایول/ ڈیپاچر پر تعینات افسران کو کرنسی کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں اورتمام ممکنہ وسائل کو بروئے کارلاتے ہوئے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصرکی سرکوبی کی جائے ورملکی معیشت کو مضبوط کرنے میںاپنابھرپورکرداراداکیاجائے۔ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر تعینات افسران نے گذشتہ رات کراچی سے بذریعہ فلائی دبئی ایئرلائن کی پروازFZ330سے دبئی جانے والے تین پاکستانی مسافروںمیں شامل رضوان علی خان ،محمدداورخان اورجہانگیر علی کوروک کران کی تلاشی لی گئی توان کے ہینڈبیگزمیں 112500سعودی ریال برآمدہوئے جنھیں تحویل میں لے کرقانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں انٹرنیشنل آرایول ہال پر تعینات کسٹمز کے عملے نے امارت ائر لائن کی پرواز سے مانچسٹر سے براستہ دبئی کراچی پہنچنے والے 6 ان ایٹیند سوٹ کیسز کو اپنی تحویل میں لے کر ان کی اسکینگ کی تو ان سوٹ کیسز میں بھاری تعداد میں ادویات کی نشاندہی ہوئی جس پر ان سوٹ کیسز کو امارت ائر لائن کے اسٹاف کی موجودگی میں کھول کر مکمل تفصیلی جانچ پڑتال کی جس کے نتیجہ میں 21 لاکھ روپے مالیت کی ادویات برآمدہوئی جن کو کسٹم نے اپنے قبضہ میں لے کر سوٹ کیسز پر لگے ٹیگ کے ذریعہ ان سوٹ کیسز کے مالکان کی تلاش کی جا رہی ہے تاکہ ان کے خلاف ضابطہ قانون کے تحت کارراوائی کی جاسکے