ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے سے مطالبہ کردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے اوورانوائسنگ کے ذریعے کی جانے والی اربوں روپے کی منی لانڈرنگ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)سے تحقیقات کا مطالبہ کردیاہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق میسرزگلوبل کموڈیٹیز لمیٹڈدبئی، میسرزلکی کموڈیٹیزلمیٹڈپاکستان جو کہ میسرزیونس برادرزگروپ کی کمپنی ہے اس نے کوئلے کی درآمد پر اوورانوائسنگ کرکے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ کے مطابق میسرزلکی کموڈیٹیزایک کمرشل امپورٹرہے جوکوئلے کی درآمد 2013سے کررہاہے جوکہ یونس برادرزکی بہت سی کمپنیوں میں ایک ہے۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ دبئی میں موجودمیسرزگلوبل کموڈیٹیزایک جعلی کمپنی ہے جوکہ دوسرے ممالک سے میسرزلکی کموڈیٹیزکے لئے کوئلے کی خریداری کرکے زائد قیمت کی انوائس بناکرمیسرزلکی کموڈیٹیزکوفراہم کرتاتھا ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے اس سلسلے میں اپنی ایک رپورٹ میں ثبوت بھی فراہم کئے ہیں کہ کس طرح میسرزگلوبل کموڈیٹیزدبئی ،انڈونیشیاکی کمپنی سے کوئلہ خریدکرپاکستان میں سپلائی کرتارہاہے۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ طاہراحمدخان جوکہ میسرزگلوبل کموڈیٹیزدبئی اورمیسرزلکی کموڈیٹیزلمیٹڈدونوں کے چیف ایگزیکٹیوآفیسرہیں اس نے جون 2013میں 37ہزارٹن کوئلہ فروخت کرنے کا ایک معاہدہ کیاجبکہ اسی ماہ طاہر احمد حان نے میسرزگلوبل کموڈیٹیزلمیٹڈدبئی کے چیف ایگزیکٹوکی حیثیت سے میسرزمرکوریاسنگاپورسے 55ہزارٹن کوئلے کی خریداری 66.10ڈالر فی میٹرک ٹن کے تناسب سے کی ،یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ طاہراحمدخان دبئی اورکراچی دونوں جگہ کی کمپنیوں بحیثیت چیف ایگزیکٹیوآفیسرکے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ میسرزگلوبل کموڈیٹیزکی جانب سے جو پوسٹ باکس نمبرظاہرکیاگیاتھاوہ کسی دوسری کمپنی کے نام پر رجسٹرڈہے جس سے کمپنی کے جعلی ہونے کے شواہدملتے ہیں ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ میسرزگلوبل کموڈیٹیزنے کوئلے کا ایک کنسائمنٹ میسرزلکی کموڈیٹیزکو 76.05ڈالر فی میٹرک ٹن کے تناسب سے فروخت کیاجبکہ میسرزایم اے آئل کو کوئلے کے کنسائمنٹ کی فروخت 71ڈالرفی میٹرک ٹن کے تناسب سے کی گئی اس طرح میسرزلکی کموڈیٹیزکی جانب سے 5.05ڈالر فی میٹرک ٹن کی اووانوائسنگ کرتے ہوئے 2.5ملین ٹن کوئلے کی خریداری پر 126ملین ڈالرکی زائد ادائیگیاں کرکے منی لانڈرنگ کی ۔رپورٹ میں بینکوں سے کی جانےو الی ادائیگیوںکی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں جبکہ طاہراحمدخان کو اس تمام کھیل کا ماسٹرمائنڈقراردیاگیاہے۔