مئی 2023میں امپورٹ بل میں 43 فیصد کا اضافہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا درآمدی بل مئی 2023 میں 43 فیصدکے اضافہ کے ساتھ 4.28 ارب ڈالر رہا جبکہ اس سے گزشتہ ماہ اپریل 2023 میں اس کی مالیت 2.99 ارب ڈالر تھا۔ جبکہ دوسری جانب برآمدات میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ اس مدت میں برآمدات اپریل 2023ءمیں 2.14 ارب ڈالر سے بڑھ کر مئی 2023 میں 2.19 ارب ڈالر رہا۔ اس طرح مئی 2023 میں تجارتی خسارہ 143 فیصد بڑھ گیا۔ مئی 2023 میں ٹریڈ خسارہ 2.09 ارب ڈالر رہا جبکہ اس سے گزشتہ ماہ تجارتی خسارہ 860 ملین ڈالر کا رہا۔ ماہرین کے مطابق مئی 2023 میں ادائیگیوں کی وجہ سے امپورٹ بل بڑھا۔ اس ماہ میں لیٹر آف کریڈٹ کھولنے کی شرائط کو نرم کیا گیا جبکہ حکومت نے ابتدائی طور پر ایل سی کو ضروری اشیاءتک محدود رکھا۔ کمرشل بینکوں نے حکومت کی ہدایت کے مطابق ایل سیز کھولنے کی شرائط کے مطابق عمل کیا۔ مالی سال 2022-23 کے11 ماہ (جولائی۔ مئی) میں ملکی درآمدی بل میں 29 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جوکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں 51.16 ارب ڈالر کے مقابلے میں کم ہوکر 39.72 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ جبکہ دوسری جانب اس عرصے کے دوران برآمدات بھی 12 فیصد کم ہوکر 25.37 ارب ڈالر کی رہ گئی جوکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں 28.87 ارب ڈالرز تھیں۔ اس کے نتیجے میں مجموعی تجارتی خسارہ 41 فیصد کم ہوکر 25.79 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال یہ خسارہ 43.41 ارب ڈالر کا تھا۔