Exclusive Reports
کپڑے کے 200 سے زائد کنٹینرز کی کلیئرنس روک دی گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ کسٹمز نے درآمد کئے جانے والے کپڑے کے 200 سے زائد کنٹینرز کی کلیئرنس روک دی ہے جس کے باعث قومی خزانے میں جمع ہونے والا کروڑوں روپے کا ریونیو بھی رک گیاہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے محکمہ کسٹمز کی نشاندہی پر چیف کمشنر آر ٹی او کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ ان 45 درآمد کنندگان کی تحقیقات کی جائیں جن کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس ایس آر او 1125 کے تحت کرکے سیلز ٹیکس کی چھوٹ حاصل کی جارہی ہیں۔ اس حکم نامے کے بعد کپڑے کے 200 سے زائد کنٹینرز پورٹ پر رکے ہوئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جن 45 کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں، ان کمپنیوں کو آر ٹی او کی جانب سے رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور ان کمپنیوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے دی گئی رعایت کی سہولت حاصل کی ہے۔