اینٹی اسمگلنگ کی ایک ہفتے کے دوران 5 بڑی کارروائیاں،مال گاڑی سے5کروڑ سے زائد کا انڈین گٹکا، چھالیہ اور سیگریٹ برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پریونٹیوکے شعبہ یونٹو اینٹی اسمگلنگ نے ایک ہفتے کے دوران 5 بڑی کارروائیوں میں5کروڑ مالیت سے زائد کا انڈین گٹکا، چھالیہ اور سیگریٹ برآمد کر لی گئی، یہ بات کلکٹرپریونٹیو ڈاکٹر افتخار احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتا ئی انہوں نے کہا کہ اسمگلر ز نے بندر گا ہ پر اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے بعد اسمگلنگ کے طریقے کار کو تبدیل کر دیا ہے اور آئے روز نت نئے طریقے سے غیر قانونی اشیا ءکی اسمگلنگ کی کوشش کی جاتی ہے اس ہی سلسلے میں محکمہ کسٹم کو اس حوالے سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں تھیں کہ اسمگلر پنجاب کے مختلف شہروں سے کراچی میں ریلوے کے ذریعے غیر قانونی متفرق اشیاءکو بک کر کے گھناونے جرائم میں ملوث ہیںاس حوالے سے ڈپٹی کلکٹر کسٹم شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن محمد فیصل کی نگرا نی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سٹی اسٹیشن پر متاواتر کارروائیوں میں 5کروڑ 64لاکھ 5ہزار 312روپے سے زائد کا 5ہزار 948کلوگرام کا انڈین گٹکا ، 37ہزار 314کلو گرام چھالیہ اور 2ہزار بنڈل اسمگل شدہ سگریٹ پکڑی گئی۔ جبکہ مال گاڑی کے ذریعے حاجی صادق گڈز کے ایک نمائندہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،کسٹم ہاوس میں کلکٹر کسٹمز پریونٹو افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ ایک دفعہ کا جرم نہیں بلکہ مسلسل جرم ہے اسمگلرز نئے نئے طریقے ایجاد کرتے رہتے ہیں۔ اس ضمن میں ملتان اور لاہور ڈرائی پورٹ کلکٹریٹ کو خط ارسال کر دیا گیا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے منظم انداز میں کارروائیاں کی جائیں۔ اسمگلنگ میں ریلوے کا عملہ بھی ملوث ہوسکتا ہے تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق پتہ چل سکیں گے۔ اسمگلنگ ملک کے لیے زہر قاتل ہے ، محکمہ کسٹمز اسمگلنگ کی روک تھام اپنا فرض سمجھ کر کر رہی ہے۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل کلکٹر کسٹم پریونٹو عامر تھیم نے کہا کہ اسمگلرز خود سامنے رہ کر کام نہیں کرتے اسمگلرز کے فرنٹ مین کام کرتے ہیں جو فرنٹ مین پکڑے جا تے ہیں اسمگلرز کی کوشش ہوتی کہ اصل ملزمان واضح نہ ہوسکیں۔