اپریزمنٹ ایسٹ کوریونیوٹارگٹ کی وصولی میں 4ارب روپے کی ناکامی کاسامنا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے مارچ 2018 کے دوران 4ارب 69 کروڑ10لاکھ روپے کی کمی کے ساتھ14ارب 25 کروڑ70 لاکھ روپے وصول کئے جبکہ اپریزمنٹ ایسٹ کومارچ2018 کے لئے18ارب 94 کروڑ80 لاکھ روپے مالیت کی کسٹمزڈیوٹی کا ہدف دیا گیا تھا۔ دستاویزات کے مطابق اپریزمنٹ ایسٹ نے مارچ 2018میں مجموعی طور پر39 ارب18کروڑ20 لاکھ روپے مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزوصولی کئے جس میں کسٹمزڈیوٹی کی مد میں14 ارب 25کروڑ 70 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں18ارب 90 کروڑ روپے ، انکم ٹیکس کی مد میں 5 ارب 94 کروڑ20 لاکھ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں8 کروڑ30لاکھ روپے وصول کئے۔دستاویزات کے مطابق ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے رواں مالی سال کے نو ماہ جولائی 2017 تامارچ 2018کے دوران مجموعی طور پر3 کھرب27ارب 5 کروڑ 20لاکھ روپے کے ڈیوٹی وٹیکسز وصول کئے جس میں کسٹمز ڈیوٹی کی مدمیںایک کھرب20ارب84کروڑ10لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میںایک کھرب 51 ارب97 کروڑ 80 لاکھ روپے، انکم ٹیکس کی مد میں 53ارب 31 کروڑ 30لاکھ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں92کروڑ روپے وصول کئے۔