اپریزمنٹ ویسٹ ریونیوٹارگٹ وصول نہ کرسکا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ نے اپریل2018 کے دوران80کروڑ 90لاکھ روپے کمی کے ساتھ9ارب 42کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کئے جبکہ اپریزمنٹ ویسٹ کواپریل2018 کے لئے 10ارب 23 کروڑ 10لاکھ روپے کا ہدف دیا گیا تھا۔ دستاویزات کے مطابق اپریزمنٹ ویسٹ نے اپریل 2018 میں مجموعی طور پر22 ارب 56کروڑ80لاکھ روپے کے ڈیوٹی وٹیکسزوصولی کئے جس میں کسٹمزڈیوٹی کی مد میں9ارب 42کروڑ 20 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں9 ارب 54 کروڑ40لاکھ روپے ، انکم ٹیکس کی مد میں 3 ارب 46 کروڑ20لاکھ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں14 کروڑ روپے وصول کئے۔ دستاویزات کے مطابق ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ نے رواں مالی سال کے دس ماہ جولائی 2017 تااپریل2018کے دوران مجموعی طور پر2 کھرب31ارب 44 کروڑ80لاکھ روپے کے ڈیوٹی وٹیکسز وصول کئے جس میں کسٹمز ڈیوٹی کی مدمیںایک کھرب3ارب46 کروڑ 90 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں91 ارب 45کروڑ60لاکھ روپے، انکم ٹیکس کی مد میں 35ارب 54کروڑ 30 لاکھ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں98 کروڑ روپے وصول کئے۔