پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نارتھ،ایک ارب سے زائد مالیت کی ٹیکس چوری بے نقاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نارتھ نے ایک ارب روپے کی ٹیکس چوری بے نقاب کرتے ہوئے میسرزخیبرفیبرکس ایمبرائیڈری کے مالک سلامت خان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغازکردیاہے ۔تفصیلات کے مطابق میسرز خیبر فیبرکس ایمبرائیڈری کی جانب سے تین ارب 70کروڑمالیت کا کپڑادرآمدکیاگیاجس پر ٹیکس چھوٹ کاناجائزفائدہ اٹھاکرقومی خزانے کو ایک ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا،ذرائع کے مطابق مذکورہ درآمدکنندہ کی جانب سے درآمدہونے والے کپڑے کو فاٹاکے علاقے میں منتقل کرنے کا وعدہ کیاگیاتھا۔لیکن قابل ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نارتھ کوا طلاع ملنے پرجانچ پڑتال کرنے سے انکشاف ہواکہ میسرز خیبر فیبرکس ایمبرائیڈری غیر قانونی طور پر مستثنیٰ (فاٹا پاٹا) سامان ملک کے تجارتی مراکز میں فروخت کر کے دی گئی ٹیکس چھوٹ کا ناجائزفائدہ اٹھارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نارتھ کی ٹیم نے باڑہ بازارخیبرمیں واقع مذکورہ کمپنی کی فیزیکل جانچ پڑتال کی تواس امرکی نشاندہی ہوئی کہ نام نہادفیکٹری میں صرف دو سلائی مشینیں تھیں، پولیسٹر پائل فیبرک کا ایک چھوٹا سا ذخیرہ (صرف 4 رول)، اور کچھ ایسے ملازم تھے جن کے پاس 3.7 بلین روپے کے درآمدی کپڑے کی ہینڈلنگ کی وضاحت کے لیے کوئی دستاویز نہیں تھی۔جبکہ دوسری جانب درآمد کنندہ کو دفاع کا موقع فراہم کیا گیا اور تیار شدہ سامان کی کھپت اور قانونی فروخت کے ساتھ ساتھ متعلقہ یوٹیلیٹی بلز اور لیبر ریکارڈ فراہم کرنے کے لیے پیش کیا گیا، لیکن درآمد کنندہ کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیاگیا۔ذرائع کاکہناہے کہ درآمد کنندہ اعلیٰ درجے کے کپڑوں کی غیر قانونی فروخت کے ذریعے ناجائز فائدے کے لیے فاٹا پاٹا کی چھوٹ کا استحصال کر رہا تھا۔ نتیجتاً، میسرزخیبر فیبرکس ایمبرائیڈری کے آپریٹرز کے خلاف ٹیکس چھوٹ کے اس دھوکے سے غلط استعمال اور اس کے نتیجے میں غیر قانونی فروخت پر ایف آئی آر درج کرائی گئی جبکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے، پی سی اے نارتھ نے ایمبرائیڈری فرم کے ملزم مالک کو پکڑنے کے لیے خصوصی ٹاسک ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔