Eham Khabar

صنعت و برآمدات کے فروغ کے لئے پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایف پی سی سی آئی نے ملکی مصنوعات کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کرلیا ہے۔یہ پلیٹ فارم موبائل ایپلی کیشن سے منسلک ہے جس کے ذریعے پاکستان کی اشیا و خدمات تیار اور فراہم کرنے والی صنعتوں اور ایکسپورٹرز سے رابطہ کیا جاسکے گا۔ موبائل ایپلی کیشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا افتتاح میئر کراچی وسیم اختر نے کیا اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سینیئر نائب صدر مظہر علی ناصر ، سابق صدر زبیر طفیل، نائب صدر شبنم ظفر اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مظہر علی ناصر نے بتایا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ایف پی سی سی آئی کی 150 صنعتی انجمنوں سے رابطہ کیا جاسکے گا۔مصنوعات کو سرچ کرکے ان کے تیار کنندگان اور ایکسپورٹرز سے رابطہ آسان ہوگا جبکہ امپورٹ ایکسپورٹ سے متعلق قوانین اور ایف بی آر کے ایس آر اوز اور ڈیوٹی و ٹیکسز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ اس پلیٹ فارم سے ایف پی سی سی آئی اور اس کی رکن انجمنوں کی یومیہ سرگرمیوں کے بارے میں بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ترویج کی جائیگی یہ پلیٹ فارم یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر سے منسلک ہوگا جس کے ذریعے ایف پی سی سی آئی کی یومیہ سرگرمیوں سے باخبر رہا جاسکے گا۔ یہ پلیٹ فارم حکومت، میڈیا اور انڈسٹری کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ میئر کراچی نے ایپلی کیشن کا افتتاح کیا اور ایف پی سی سی آئی کو ڈیجیٹل میدان میں آگے بڑھنے پر مبارکباد پیش کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button